ملتان (سٹاف رپورٹر) سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر جنوبی پنجاب غلام صغیر شاہد کا وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور کا دورہ، ایمرجنسی، پیڈز، گائنی اور دیگر وارڈز میں فراہم کردہ طبی و دیگر سہولتوں کا جائزہ لیا، انہوں نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کی عیادت بھی کی اور ان سے ادویات کی دستیابی بارے استفسار کیا، پیڈز وارڈ-IIمیں ضروری انجکشن مارکیٹ سے منگوائے جانے کی شکایات پر نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری ہیلتھ نے ایم ایس کو ہدایت کی کہ ایمرجنسی اور ان ڈور مریضوں کو 100 فی صد مفت علاج معالجہ کی سہولتیں فراہم کی جائیں، مرکزی آئی سی یو میں بدبو اور گائنی بلاک میں گراسی پلاٹس کی بدحالی پر افسوس و ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے سیکریٹری نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو صفائی اور ہارٹیکلچر کی مناسب دیکھ بھال کی ہدایت کی، قائداعظم میڈیکل کالج بہاولپور کے دورہ کے دوران سیکرٹری نے پرنسپل ڈاکٹر صوفیا فرخ اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سید عامر محمود کو ہدایت کی کہ سول ہسپتال کو لوگوں کو ہمہ وقت صحت عامہ کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مکمل فعال کیا جائے اور وکٹوریہ ہسپتال میں فارمیسی کے لئے مختص جگہ کو اس کے مقاصد کے لئے موثر طور پراستعمال کیا جائے۔