• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی ایس پی آر نے عمران خان پر بے بنیاد الزامات لگائے، اسد عمر

اسلام آباد(جنگ رپورٹر)پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا کہ آئی ایس پی آر نے عمران خان پر بے بنیاد الزامات لگائے، عمران خان نے کبھی اداروں کیخلاف بات نہیں کی ہے ، بلکہ درحقیقت عمران خان نے ہمیشہ اداروں کی مضبوطی کی ضرورت پر آواز اٹھائی ہےجبکہ شیریں مزاری نے کہا ہے کہ ہم نے ان پر تنقید کی جن کے غیر قانونی اقدامات سے اداروں کو نقصان اٹھانا پڑتا ہے، آئی ایس پی آر کے عمران خان سے متعلق بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ افراد پر تنقید کو ہرگز اداروں پر تنقید کا رنگ نہ دیا جائے، آئی ایس پی آر بتائے اگر اداروں کا کوئی شخص کوئی غلط کام نہیں کرتا تو کورٹ مارشل کیوں کئے جاتے ہیں؟ ماضی میں تو جنرل آفیسرز تک کا کورٹ مارشل کیا گیا ہے ، اگر اداروں کے افراد ایسے کام کرتے ہیں جس سے کورٹ مارشل کے حقدار ٹھہرتے ہیں تو انفرادی حیثیت میں ان پر تنقید کیوں ممکن نہیںہے ،افراد پر تنقید کو اداروں پر تنقید کا رنگ دینے کی ہر کوشش کو مسترد کرتے ہیں، اہلکاروں کی جانب سے قومی دفاع کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے پر ادارہ محبت و احترام کا حقدار ہے، ضروری نہیں کہ ادارے کا ہر ایک شخص بھی اسی احترام و محبت کا حقدار ہو۔پی ٹی آئی کی سینئر نائب صدر شیریں مزاری نے کہا کہ آئی ایس پی آر کا عمران خان پر بیان غیر ضروری اور واضح طور پر سیاسی تھا، ادارے پر نہ تو عمران خان اور نہ ہی تحریک انصاف کے دیگر افراد نے تنقید کی ،ہم اپنے شہیدوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ہماری سرزمین کا دفاع کیاہے ،ہم نے ان افراد پر تنقید کی جن کے غیر قانونی اقدامات سے تمام اداروں کو نقصان اٹھانا پڑتا ہے،اگر آئی ایس پی آر کو عمران خان اور ہمارے کچھ ریمارکس ناقابل قبول اور غیر ضروری لگے اور یونیفارم کی حفاظت مقصود ہے،تو وہ بھی ہمارے جذبات کا احساس کریں، مجھے یقین ہے کہ فوج کا اپنا ایک مضبوط احتسابی نظام ہے کوئی فرد یا تنظیم زمینی قانون سے بالاتر نہیں ہو سکتی ہے، عمران خان کے الزامات غیر سنجیدہ نہیں ہیں۔

اہم خبریں سے مزید