اسلام آباد( محمد صالح ظافر)وزیر اعظم شہباز شریف اتوار کی شام مصر کے شہرشرم الشیخ پہنچ گئے جہاں وہ کلائمیٹ امپلی کیشن کانفرنس میں شرکت کریں گے.
اس کے علاوہ وہ کئی بین الاقوامی رہنماؤں سے ملاقات بھی کریں گے جس میں بین الاقوامی اور ریجنل سطح کے اہم امور پر تبادلہ خیال ہوگا،وزیر اعظم شہباز کی برطانوی وزیر اعظم اور سعودی ولی عہد سے ملاقات متوقع ہے۔
پاکستان نے بڑی کامیابی کے ساتھ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہی پر بین الاقوامی توجہ حاصل کی ہے۔
یہ بات یقینی ہے کہ پاکستان میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہی کا موضوع سرفہرست ہوگا۔
سفارتی ذرائع نے بتایا ہے کہ امریکی صدر جوبائڈن کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گے جبکہ برطانوی وزیر اعظم رشی سونک بھی کانفرنس میں شرکت کریں گے اور ممکن ہے کہ رشی سونک وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف سے ملاقات کریں گے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ شہباز شریف رشی سونک سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
اس کے علاوہ شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ بھی تبادلہ خیال کریں گے، شہزادہ محمد بن سلمان جلد پاکستان کا بھی اہم دورہ کریں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف ایک اعلیٰ سطح کے پروگرام میں شرکت کریں گے جس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گریٹیس سے ملاقات کریں گے، شہباز شریف مجموعی طور پر شرم الشیخ میں 60گھنٹے قیام کریں گے۔