کراچی (ٹی وی رپورٹ) پی ٹی آئی کے رہنما زلفی بخاری نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ ہماری آخری امید ہے ملک میں قانون کی بالادستی ہو، بہتر ہوگا تحقیقات اس کی نگرانی میں ہو،آگے چلنے کیلئے ایک ہی طریقہ ہے وہ صاف شفاف انتخابات ہے،اس وقت تمام اہم فیصلے پارک لین انگلینڈ میں ہورہے ہیں، پاکستان کا اس میں کوئی حصہ نہیں ، عمران خان امریکی سازش کا بیانیہ نہیں چھوڑ رہے ، انہوں نے کہا ہمیں آگے کا راستہ اپنانا چاہئے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک انٹرویو میں کیا۔اس سوال پر کہ جیسے جیوڈیشل کمیشن انکوائری کرے ساری صورتحال کی عمران خان پر جو قاتلانہ حملہ ہوا ہے، کیا پاکستان تحریک انصاف کو اب سپریم کورٹ سے ہی توقعات ہیں؟ زلفی بخاری نے کہا کہ سپریم کورٹ ہماری آخری امید ہے ملک میں قانون کی بالادستی ہو، ہم یہی سمجھتے ہیں کہ سپریم کورٹ پاکستان کے حقوق اور لوگوں کے حقوق کے ساتھ کھڑی ہوگی جو بھی قانون کے مطابق ہو۔ اس سوال پر کہ اگر جیوڈیشل کمیشن بنتا ہے تو حکومت کے ماتحت ادارے ہی انکوائری کریں گے، ارشد شریف کا معاملہ ہو، اعظم سواتی کا معاملہ ہو، کیا پی ٹی آئی اس پر مطمئن ہوگی کہ حکومت تحقیقات کرے؟ زلفی بخاری نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ کے نیچے ہو، سپریم کورٹ اپنا پینل ڈالے کمیٹی بنائے تو ہمیں امید ہے کہ اگر سپرویژن سپریم کورٹ کی ہو تو بہتر ہوگا، ظاہری بات ہے ہم اس لیے نہیں چاہتے کہ حکومت کرے کیونکہ وہ اپنے گناہ چھپائے گی، اس میں دو رائے نہیں ہے ہم چاہتے ہیں کہ سپریم کورٹ اپنی سپر ویژن میں رکھے۔اس سوال پر عمران خان نے ایک انٹرویو دیا، اس کے بعد حکومت کہہ رہی ہے کہ آپ کا جو امریکا کیخلاف بیانیہ تھا تحریک انصاف اس سے پیچھے ہٹ گئی ہے۔