• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انگلینڈ سیریز، لانگ مارچ کے سبب پہلا ٹیسٹ کراچی میں ہونے کا امکان، پی سی بی نے پلان بی بنالیا

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کراچی کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اگر اگلے چند دن میں راولپنڈی اور اسلام آباد میں سیاسی حالات نارمل نہ ہوئے تو پنڈی میں یکم دسمبر سے شروع ہونے والا پہلا ٹیسٹ کراچی منتقل کردیا جائے گا۔ دوسرا ٹیسٹ9 دسمبر سے ملتان اور تیسرا ٹیسٹ پھر کراچی میں 17 دسمبر سے شروع ہوگا ۔ انگلش ٹیم کراچی آئے گی اور سیریز کے بعدکراچی سے ہی وطن واپس روانہ ہوگی۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت پی سی بی نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے لئے دو پلان بنائے ہوئے ہیں۔ ایک پلان وہی ہے جو پرانا ہے ۔ ایک سیاسی جماعت نے پنڈی میں لانگ مارچ کی کال دی ہوئی ہےاگر حالات معمول پر نہ آئے تو پلان بی کے تحت کراچی میں دو ٹیسٹ کرائے جائیں گے۔ اس بارے میں وزار ت داخلہ سے بھی رہنمائی لی جارہی ہے اور انگلش کرکٹ بورڈ کو بھی آگاہ کردیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ میچ کی تاریخوں میں کوئی رد وبدل نہیں کیا جائے گا جبکہ کراچی کو ایک اضافی میچ دے کر سیریز کو ممکن بنایا جائے گا۔ لاہور میں دھند اور سردی کی وجہ سے دسمبر میں ٹیسٹ نہیں کرایا جارہا۔ کراچی واحد سینٹر ہے جہاں دسمبر میں 90 اوورز مکمل ہونے کا امکان ہے۔ کراچی میں موسم زیادہ سرد نہیں ہوگا اس لئے فلڈ لائٹس کے دوران بھی کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔ ٹیسٹ سیریز میں روشنی کم ہونے کی صورت میں فلڈ لائٹس استعمال کی جائیں گی کیوں کہ یہ سیریز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے تینوں ٹیسٹ صبح دس بجے شروع ہوں گے۔ انگلش کرکٹ ٹیم27 نومبر کو پاکستان پہنچے گی۔

اسپورٹس سے مزید