پڈعیدن، سیہون ( نامہ نگاران،ایجنسیاں) خیر پور سے سیہون آنے والی زائرین کی مسافر وین کو انڈس ہائی وے روڈ پر حادثہ پیش آگیا جس کے نتیجے میں خواتین و بچوں سمیت کم از کم 20 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ انڈس ہائی وے روڈ پر ٹول پلازہ کے قریب قلندرکے زائرین کے ساتھ خوفناک حادثہ پیش آیا ، خیرپور سہیون آنے والی مسافر وین انڈس ہائی وے روڈ پرسیلابی پانی کی نکاسی کیلئے لگائے گئے کٹ میں گر گئی، مسافر وین میں معصوم بچے اور خواتین سوار تھے۔حادثے میں13افراد زخمی بھی ہوئے،جاں بحق افراد میں8خواتین،6بچیاں اور6لڑکے بھی شامل ہیں،پولیس کے مطابق وین پانی میں گر گئی تھی، پانی کے کٹ سے 15 لاشیں نکال کر سیّد عبد اللہ شاہ انسٹیٹیوٹ سیہون منتقل کر دی ہیں، جاں بحق افراد میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ حادثے میں کئی فراد زخمی ہیں۔یاد رہے کہ منچھر جھیل کے سیلابی پانی کو دریائے سندھ میں اخراج کرنے کیلیئے 2 ماہ قبل انڈس ہائی وے روڈ کو کٹ لگایا گیا تھا۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ نیشنل ہائی ویز اتھارٹی کی غفلت کے باعث دو ماہ سے کٹ بند نہیں ہوا جس کے باعث حادثہ پیش آیا۔دریں اثناء صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔