کراچی (ٹی وی رپورٹ) ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم عباسی نے کہا ہے کہ آج پی ٹی آئی کا راولپنڈی میں جلسہ ایک دن کا ایونٹ ہے، جلسہ ایک دن سے زیادہ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، آج کیلئے عمران خان کے پاس بہت سے سرپرائزز ہیں، جلسہ کیلئے سیکیورٹی کے انتظامات تسلی بخش ہیں، پی ٹی آئی کے جلسہ کی وجہ سے پاک انگلینڈ ٹیموں کو اسٹیڈیم آنے جانے میں پریشانی نہیں ہوگی۔ وہ جیو کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور ماہر معاشیات خاقان نجیب سے بھی گفتگو کی گئی۔ ایاز صادق نے کہا کہ پی ٹی آئی جلد الیکشن کا مطالبہ کررہی ہے مگر حکومت الیکشن کروانے میں چھ ماہ کی تاخیر کرسکتی ہے، ملک میں معاشی ایمرجنسی ہو تو الیکشن میں چھ ماہ کی تاخیر ہوسکتی ہے،عمران خان کے سوا تحریک انصاف کے اکثریتی ارکان قومی اسمبلی میں واپس آنا چاہتے ہیں، پراعتماد ہیں اسٹیبلشمنٹ جلد الیکشن کیلئے دباؤ نہیں ڈالے گی، عمران خان قانون قاعدے میں کھیلیں بال ٹمپرنگ نہ کریں، عمران خان ہٹ وکٹ ہوگئے ہیں دو باریاں لینے کی بات نہ کریں۔ڈاکٹر خاقان نجیب نے کہا کہ کرنسی پر پریشر ریلیز کرنے کیلئے آسان طریقہ شرح سود میں اضافہ ہے، مارکیٹ کو توقع تھی کہ شرح سود میں اضافہ نہیں کیا جائے گا، ان حالات میں شرح سود سولہ فیصد کرنا آئی ایم ایف اور اسٹیٹ بینک کی مانیٹری ٹیم کی نظر میں ضروری ہوگیا تھا۔سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ تحریک انصاف فوج کو مداخلت کرنے کا کہتی ہے یہ بڑی بدقسمتی کی بات ہے، مذاکرات غیرمشروط طور پر ہونے چاہئیں، ایسا نہیں ہوسکتا کہ مذاکرات کیلئے جلد الیکشن کی شرط رکھ دی جائے، مذاکرات بیٹھ کر ہوتے ہیں وہاں نکات طے ہوتے ہیں، سیاستدانوں کو ہمیشہ بیٹھ کر بات چیت کے ذریعہ معاملات طے کرنا چاہئیں، عمران خان کے سوا تحریک انصاف کے اکثریتی ارکان قومی اسمبلی میں واپس آنا چاہتے ہیں، پی ٹی آئی ارکان بیٹھ کر بات کرنا چاہتے ہیں لیکن عمران خان شرطیں رکھتے ہیں، حکومت کسی سے بلیک میل ہو کر مذاکرات نہیں کرے گی۔ ایاز صادق کا کہنا تھا کہ سیلاب کی وجہ سے پاکستان کو 32ارب ڈالرز کا نقصان ہوا ہے، میرے ہر سیاسی جماعت میں دوست ہیں، ہم ملتے نہیں تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ تعلق نہیں ہے، سیاست کی وجہ سے پچاس سال پرانا تعلق ختم نہیں ہوجاتا،پی ٹی آئی کو اقتدار میں ہرطرف سے سپورٹ ملی مگر کچھ نہیں کرسکی۔