• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران 20 دسمبر تک الیکشن کی تاریخ لے گا یا اسمبلیاں توڑ دیگا، شیخ رشید

کراچی ( ٹی وی رپورٹ ) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ بیس دسمبر تک الیکشن کی تاریخ نہیں دی گئی تو عمران خان صوبائی اسمبلیاں توڑ دے گا۔ سربراہ پلڈاٹ احمد بلال محبوب نے کہا کہ صوبائی اسمبلیاں تحلیل ہوئیں تو الیکشن کمیشن عدالت سے انتخابات نہ کرانے کا آرڈر لینے کی کوشش کرے گا۔

سینئر صحافی و تجزیہ کار سلیم نے کہا کہ عمران خان نے بھی سب کے ساتھ ڈبل گیم کھیلا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیو نیوز کےپروگرام’’نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کررہے تھے۔

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے مزید کہا کہ ملک کی معیشت تباہ حال ہے،ملک کو الیکشن کی طرف لے کر جانا قومی سلامتی کا تقاضا ہے، صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنے میں کوئی رسک نہیں ہے،ہم قومی اسمبلی سے پہلے ہی باہر بیٹھے ہیں جہاں گولڈن لوٹا راجا ریاض اپوزیشن لیڈر بنا ہوا ہے، قومی اسمبلی میں بکنے والا بکاؤ مال بیٹھا ہوا ہے.

 حکومت کی عقل پر پردہ پڑا گیا ہے ہر چیز ان کے گلے پڑرہی ہے، قوم نے یکطرفہ فیصلہ دیدیا ہے اسی لئے حکومتی اتحاد الیکشن سے بھاگ رہا ہے، انہوں نے کمپنی کی مشہوری کیلئے دو ارب منظور کئے تاکہ میڈیا میں ایک کمپنی کی مشہوری کی جائے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عوام موجوہ حکمرانوں کی شکلوں سے اکتا گئے ہیں، جن چینلز پر حکمرانوں کی شکلیں آتی ہیں لوگ چینل بدل دیتے ہیں، عمران خان کا ٹارگٹ الیکشن کرانا ہے اس میں کامیاب ہوگا.

 اللہ تعالیٰ نے عمران خان کی جان بچائی ہے شاید اس سے کوئی بڑا کام لیا جانا ہے، ملک کی سیاست میں عمران خان کلیدی کردار ہے جسے کوئی نہیں روک سکتا، اسٹیبلشمنٹ نے سیاست میں مداخلت نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، فوج نے سیاست سے دور ہونے کا زبردست فیصلہ کیا ہے لیکن عوام سے دور نہیں ہوسکتے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف خاندان گیٹ نمبر چار کی پیداوار ہے، پرویز الٰہی کو کہا گیا تو وہ اسمبلیاں توڑدیں گے، چوہدری شجاعت نے مجھے کہا ہم دونوں بھائی ایک ہیں، جو عمران خان سے غداری کرے گا چالاکی کرے گا اس کی سیاست ختم ہوجائے گی، آنے والے الیکشن عمران خان کے ہیں.

 اداروں سے پہلے دن کہہ دیا تھا عمران خا ن کے ساتھ کھڑا ہوں، عمران خان نے میرے ساتھ دوستوں بھائیوں جیسا سلوک رکھا اس کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا رہوں گا، میں اداروں کا مشکور ہوں مجھے کسی نے تنگ نہیں کیا۔

شیخ رشید نے کہا کہ جنرل باجوہ کو توسیع دینے والوں نے خود کہا ہم سے غلطی ہوگئی، چوروں ڈاکوؤں کرپٹ اور منی لانڈرر کو بٹھانے والوں کی کشتی بیچ منجدھار میں ڈوب گئی، امید ہے 30جنوری سے پہلے الیکشن کی تاریخ ہوجائے گی، الیکشن عید سے پہلے ہو یا عید کے بعد ہو یہ فیصلہ عمران خان کو کرنا ہے۔

 شیخ رشید کا کہنا تھا کہ الیکشن میں جتنی دیر ہوگی موجودہ حکومت کی قبر گہری ہوتی جائے گی، اس میں سب سے زیادہ رسوائی ن لیگ کی ہوگی، اب تو مریم نواز اور شہباز شریف بھی ایک پیج پر نہیں ہیں، بہت پہلے کہہ دیا تھا ن لیگ اور ش لیگ بنے گی قوم بتائے کیا نہیں بنیں؟، مریم نواز شاید واپس آجائیں، نواز شریف واپس نہیں آئیں گے.

 نواز شریف سیانا کوا ہے اسے پتا ہے ن لیگ کی کوئی چیز نہیں بکے گی، موجودہ حکومت چھ آٹھ مہینے میں ہی نیست و نابود ہوگئی، میں کوئی پامسٹ نہیں ہوں سیاسی تجزیہ دیتا ہوں۔ شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان آرہا ہے یہ روک سکتے ہیں تو روک لیں، فضل الرحمن نے قوم کی ماؤں بیٹیوں کے بارے میں قابل مذمت زبان استعمال کی، یہ وہ شکست ہے جو ان کے چہروں پر لکھی جاچکی ہے، ان کی سیاست اکیلے شخص عمران خان نے دفن کردی ہے۔

اہم خبریں سے مزید