• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دوسرا ون ڈے، بھارت کے کاغذی شیر بنگال ٹائیگرز کے سامنے پھر ڈھیر

ملتان (نمائندہ خصوصی) بنگلہ دیش نے بھارت کو دوسرے ون ڈے انٹر نیشنل میں پانچ رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی۔کاغذی شیر اصل بنگال ٹائیگرز کے سامنے پھر ڈھیر ہوگئے۔ 8 ویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے بنگلہ دیشی بیٹر مہدی حسن نے سنچری بنادی۔ انہوں نے دو وکٹ بھی لیے۔ میزبان ٹیم نے پہلا میچ ایک وکٹ سے جیتا تھا۔ بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سات وکٹ پر271رنز بنائے تھے جواب میں بھارتی ٹیم9وکٹ پر266 رنز بناسکی۔ روہت شرما نے زخمی ہونے کے باوجود بیٹنگ کی اور28گیندوں پر51ناٹ آئوٹ ر نز بنائے ۔ ان کی اننگز میں پانچ چھکے اورتین چوکے شامل تھے۔ شریاس ایئر نے82اور اکشر پٹیل نے56رنز اسکور کیے۔بدھ کومیرپور کے دوسرے ون ڈے میچ میں فیلڈنگ کے دوران بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کے ہاتھ پر گیند لگ گئی جس کے بعد انہیں ایکس رے کے لیے اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ وہ نویں نمبر پر بیٹنگ کے لئے آئے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے مطابق روہت شرما کو کیچ لینے کی کوشش کے دوران بائیں انگوٹھے پر گیند لگی جس کے باعث ان کی انگلی سے خون بھی نکل رہا تھا۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ میڈیکل ٹیم نے روہت شرما کی چوٹ کا معائنہ کیا جس کے بعد انہیں اسکین کے لیے اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ انہیں ایکس رے کے لیے مقامی اسپتال بھیجا گیا ہے۔ تیسرے میچ میں ان کی شرکت مشکوک ہے۔ مہدی حسن نے83 گیندوں پرناقابل شکست100رنز بنائے، ان کی اننگز میں4چھکے اور8چوکے بھی شامل تھے۔ محمود اللہ نے77رنز کی اننگز کھیلی۔