شاعر: عمران ظفر
صفحات: 120 ، قیمت: 500
ناشر: رنگِ ادب پبلی کیشنز، اردو بازار، کراچی۔
زیرِ نظر کتاب میں16غزلیں، 30نظمیں، 16مختصر نظمیں اور13قطعات شامل ہیں۔ پیش لفظ، ڈاکٹر شبیر احمد قادری نے لکھا ہے جب کہ فلیپ ڈاکٹر ضیاء الحسن، ڈاکٹر محمّد کامران، ڈاکٹر محمّد اشرف کمال، ڈاکٹر شیر علی اور ڈاکٹر علی بیات کی آراء سے آراستہ کیا گیا ہے۔ مجموعے کا آغاز نعت سے ہوا ہے اور حمد، ندارد۔ جب کہ ہمارے خیال میں حضور اکرمﷺؐکے ذکر سے پہلے اللہ کا ذکر ضروری ہے۔ ویسے مجموعے میں نظموں کی تعداد زیادہ ہے، جس سے یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ عمران ظفر بنیادی طور پر نظم کے شاعر ہیں، غالباً اِسی لیے اُن کی غزلوں میں بھی نظمیہ انداز دَر آیا ہے، گرچہ یہ کوئی معیوب بات نہیں کہ اب نظم کی طرح غزل میں بھی ہر موضوع کو جگہ دی جارہی ہے۔
شاید اسی لیے نقّادوں نے غزل کو ’’محیطِ بیکراں‘‘ قرار دیا ہے۔ عمران ظفر کی غزلوں اور نظموں میں چاروں طرف محبّت کے رنگ بکھرے ہوئے ہیں، لگ بھگ سب ہی موضوعات میں محبّت کو مقدّم رکھا گیا ہے۔ پھر ڈاکٹر ضیاء الحسن کی تحریر سے پتا چلا کہ عمران ظفر نے ’’کورونائی دور‘‘ میں مزاحیہ شاعری بھی کی۔ اہم بات یہ ہے کہ اُن کی سنجیدہ شاعری پر اُن کی مزاحیہ شاعری کی نظر نہیں پڑی اور وہ بخیر و عافیت اس میدان سے باہر نکل آئے۔ ویسے عمران ظفر نہایت خوش اسلوبی سے اپنا شعری سفر جاری رکھے ہوئےہیں اور اُن کا یہ شعری مجموعہ بھی ادبی حلقوں سے یقیناً پذیرائی حاصل کرے گا۔
جن پر تبصرہ ممکن نہیں!!
ذیل میں اُن کتب اور رسائل و جرائد کی تفصیل دی جارہی ہے،جن پر تبصرہ ممکن نہیں۔ ان میں سےکچھ کی ایک جِلد موصول ہوئی ہے،کچھ کے صفحات کی تعداد ایک سو سے کم ہے۔اور کچھ کی تاریخِ اشاعت2020ء سے قبل کی ہے۔
٭دریائے راوی کی آب بیتی، ڈاکٹر انجم رحمانی (2019ء) ٭madrassah mirage، عظمت عبّاس (2018ء) ٭ حدِ ادب، شاہد ظہیر سیّد (2019ء) ٭ فیاضی بولیاں، شریف فیاض وزیرآبادی (ایک جِلد) ٭بروقت،وحید زہیر (2016ء)٭27 واجباتِ حج اور تفصیلی احکام، استاد الفتہ مفتی علی اصغر عطاری مدنی (2019ء اور جِلد بھی ایک ہی ہے) ٭حریم ِ فکر، سید قاسم جلال (64صفحات) ٭سوجھل سوچاں، سید قاسم جلال (72صفحات) ٭چلتے چلتے، ابرار ندیم(ایک جِلد) ٭ پنجم اکتوبر تا نومبر2012ء، پنجم جولائی تا ستمبر 2022ء (ایک ایک جِلد) ٭سرینۂ نظر، واعظ ابن خالد(ایک جِلد) ٭عوامی مورچہ، ایڈیٹر، محفوظ خان شجاعت (48صفحات) ٭مُناجات مدینہ، شہاب ظفر (80صفحات) ٭40 ویں امام احمد رضا کانفرنس،40 ویں امام احمد رضا کانفرنس، سرپرست، حاجی محمّد رفیق، حاجی عبدالطیف قادری (64، 64 صفحات)۔
توجّہ فرمائیے!!
جو مصنّفین اور اشاعتی ادارے تبصرے کے لیے کتابیں بھیجنا چاہتے ہیں، ازراہِ کرم درج ذیل باتوں کا خیال ضرور رکھیں:
٭چھوٹے چھوٹے کتابچے اور پمفلٹ وغیرہ روانہ نہ کیےجائیں کہ ایک سو سے کم صفحات والی کتب کا تعارف شامل نہیں کیا جاتا۔ ٭جو کُتب کسی فرقے، مذہب، گروہ، ادارے یا طبقے کے خلاف لکھی گئی ہوں، اُن پر بھی تبصرہ نہیں ہوگا۔ ٭جن کتابوں پر ایک بار تبصرہ ہوچُکا، دوبارہ قطعاً ارسال نہ کی جائیں۔ ٭ایسی کتابیں، جو اسکولز، کالجز کے نصاب سے متعلق ہوں، اُن پر بھی تبصرہ نہیں کیا جاسکتا۔ ٭ہر کتاب کی دو جِلدیں آنا ضروری ہیں، ایک کتاب موصول ہونے پر تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں، 2020ء میں شایع ہونے والی کسی بھی کتاب پر رواں برس تبصرہ نہیں ہو گا، البتہ 2021ء کی شایع کردہ کتابوں پر تبصرہ کردیا جائے گا۔ اور یہ فیصلہ کتابوں کی کثیر تعداد اور مصنّفین اور اشاعتی اداروں کے طویل انتظار کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ صفحے کا عنوان ’’نئی کتابیں‘‘ ہے، لہٰذا ہماری کوشش یہی ہے کہ زیادہ سے زیادہ نئی کتب شامل ہوں، نہ کہ گزشتہ برسوں کی شایع شدہ۔ سو، براہِ کرم 2020ء کی کوئی کتاب اب ارسال کرنے کی زحمت نہ کریں۔
تبصرے کے لیے کتابیں صرف اس پتے پر ارسال کی جائیں۔
ایڈیٹر ’’سنڈے میگزین‘‘، روزنامہ جنگ، شعبۂ میگزین
اخبار منزل، آئی آئی چندریگر روڈ، کراچی۔