پشاور( وقائع نگار) ڈیپارٹمنٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز اور انٹرنیشنل ریلیشن سٹوڈنٹ ایسوسی ایشن کے زیراہتمام جامعہ پشاور میں دوروزہ پیس فیئر تقریب کا آغاز ہوگیا۔ جس میں خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کی جانب سے نوجوانوں کو صوبائی سیاحت و ثقافت کے بارے میں آگاہی اور سیاحتی مقامات میں ٹورازم اتھارٹی کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہی فراہم کی جا رہی ہے جبکہ اس کے علاوہ ثقافتی پیس فیئر میں صوبائی روایتی موسیقی رباب منگئے کی پرفارمنس بھی رکھی گئی ہے۔پیس فیئر 2022 کے نام سے جاری تقریب کا مقصد ثقافتی تنوع کے ذریعے صوبے کے نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور امن وامان کو تقویت بخشنا ہے۔ پیس فیئر 2022 تقریب آئی ایس پی آر، محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا، محکمہ امورنوجوانان اور خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی کے باہمی اشتراک سے منعقد کی گئی ہے۔آئی آرڈیپارٹمنٹ جامعہ پشاورمیں جاری دو روزہ فیسٹیول میں ثقافتی سٹالزلگائے گئے ہیں جن میں صوبے کی مختلف ڈسٹرکٹ سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے دستکاری اشیاء، وہاں کی ثقافت سمیت کھانے پینے کی اشیاء سجا رکھی ہیں۔ ثقافتی پیس فیئر میں ٹورازم اتھارٹی کی جانب سے روایتی موسیقی رباب منگئے اور نوجوانوں کیلئے ٹورسٹ انفارمیشن ڈیسک لگایا گیا ہے جس میں صوبائی سیاحتی مقامات کے حوالے سے براؤشرز،پمفلٹس اور نقشے رکھے گئے ہیں جبکہ انفارمیشن ڈیسک سے طلباء و طالبات کو سیاحت کے حوالے رہنمائی بھی فراہم کی جا رہی ہے۔پیس فیئر کا مقصد صوبہ خیبرپختونخوا کا مثبت پہلو دنیا کے سامنے لانا اور اچھی سوچ، صلاحیتوں اور مثبت رویوں کے ذریعے صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔