کراچی(اسٹاف رپورٹر)نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 17 دسمبر سے کھیلے جانے والے پاکستان انگلینڈکے مابین کرکٹ میچ کے حوالے سے ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز کے کانفرنس ہال میں سیکیورٹی کوآرڈینیشن کا اہم اجلاس ہوا جس میں میچز کے آغاز سے قبل سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں سینیئر پولیس افسران، پاک فوج، سندھ رینجرز اور پی سی بی کے اعلیٰ حکام سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی ، ترجمان ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن کے اعلامیے کے مطابق ،ا س موقع پر سیکیورٹی انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی کہ سیکیورٹی ڈویژن کے اہلکاربشمول ایس ایس یو کمانڈوز، ڈسٹرکٹ پولیس، ٹریفک پولیس اور اسپیشل برانچ کے اہلکار نیشنل اسٹیڈیم، کراچی ایئرپورٹ، سڑکوں، ہوٹلز، پریکٹس گراؤنڈزاور دیگر مختلف مقامات پر سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے جبکہ حساس مقامات پر ماہر نشانہ بازبھی تعینات کیے جائیں گے، ڈی آئی جی سیکیورٹی نے ٹیموں اور تماشائیوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کا عزم کیا اورہدایات کیں کہ میچ کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے تمام تروسائل کو بروئے کار لائے جائیں۔