اسلام آباد(نمائندہ جنگ)عدالت عظمیٰ میں ڈکیتی میں ملوث پولیس کانسٹیبل کی برطرفی کے مقدمہ کی سماعت کے دوران چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے آبزرویشن دی ہے کہ جب محکمہ پولیس میں ڈاکو بھرتی ہو جائیں گے تو ادارہ کیسے چلے گا، چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ نے بدھ کے روزڈکیتی کے ملزم محمد شاہد کی نوکری سے برخاستگی کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے کیس نمٹادیا،فاضل چیف جسٹس نے ریما رکس دیے کہ درخواست گزار بائیس ماہ مفرور بھی رہا ہے،بھرتی سے قبل ادارے کو سچ بتانا چاہیے تھا، درخواست گزار سابق پولیس کانسٹیبل شاہد کی جانب سے شعیب شاہین ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ ان کے موکل کیخلاف سیاسی بنیاد پر مخالفین نے مقدمے کا اندراج کروایا تھا۔