دوحا، قطر (شکیل یامین کانگا /نمائندہ خصوصی) فیفا ورلڈ کپ میں تیسری پوزیشن کیلئے کروشیا اور مراکش کے درمیان مقابلہ ہفتے کو الخلیفہ اسٹیڈیم میں ہوگا۔ دنیا بھر کے فٹبال فینز کے دل جیتنے والی مراکشی ٹیم وکٹری اسٹینڈ پر پہنچنے کیلئے پرعزم ہے۔ کروشیا کے خلاف گروپ میں واضح برتری اورجیت کا نیا عزم لیکر میدان میں اترے گی ۔ دونوں ٹیمیں گروپ ایف میں شامل تھیں اور ان کا میچ بغیر گول برابر رہا تھا۔ دونوں سیمی فائنل سے قبل ناقابل شکست رہی تھیں۔ پری کوارٹر فائنل میں مراکش نے اسپین کو پینالٹی ککس پر 3-0 سےاور کوارٹر فائنل میں پرتگال کو ایک صفر سے شکست دی۔ مراکشی ٹیم کا مورال بہت ہائی ہے اورامکان ہے کہ وہ تیسری پوزیشن حاصل کرکے اپنے اورافریقی ممالک میں ممتاز مقام حاصل کرلے۔ لیکن دوسری جانب کروشیا کی ٹیم بھی تیسری پوزیشن حاصل کرنےکیلئے جان کی بازی لگانےمیں کوئی عارنہیں کرے گی۔ فرانس کے خلاف سیمی فائنل میں شکست کے بعد بھی مراکشی شائقین نے اپنی ٹیم کا حوصلہ بڑھایا، مراکشی ٹیم کے گول کھانے کےباوجود شائقین آخری وقت تک اس کےکھلاڑیوں کی ہرموو پرمسلسل نعرے لگاتے اورتالیاں بجاتے رہے۔ تیسری پوزیشن کے میچ میں عرب ممالک سے تعلق رکھنے والے تمام شائقین مراکش کو فیورٹ قرار دے رہے ہیں ۔ میچ سے ایک روز قبل دوحا کے مختلف علاقوں میں مراکشی سپورٹرز جھنڈے لئے ٹیم کی حمایت میں نعرے لگاتے نظرآئے۔مراکشی ٹیم کے کوچ ولید ریگراگئی کا کہنا ہے کہ فرانس سے شکست سے حوصلے نہیں ٹوٹے، ہم اب بھی جیتنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ میچ میں نئے انداز میں جائیں گے۔ ہمیں احساس ہے کہ ہم نے پہلے ہی ایک بہت بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ میڈیا، سوشل میڈیا، اور ٹی وی پر جو ہماری کارکردگی دکھائی گئی ہمارے ملک میں ہر کسی کو ہم پر فخر ہے۔ میرے خیال میں پوری دنیا کو مراکش کی اس ٹیم پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں تیسری پوزیشن کے میچ میں ان کھلاڑیوں کو موقع دوں گا جنہوں نے گزشتہ میچوں میں حصہ نہیں لیا۔