کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میں ٹرپل سنچری بنانے والے دنیا کے واحد بیٹسمین اظہر علی نے جمعے کی دوپہر نیشنل اسٹیڈیم میں اچانک پریس کانفرنس میں اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ وہ پہلے ہی ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے انٹر نیشنل کرکٹ چھوڑ چکے ہیں ۔ سابق کپتان ریٹائر منٹ کا اعلان کرتے ہوئے جذباتی ہوگئے اور روپڑے۔37سالہ اظہر علی کے حلق سے بمشکل آواز نکل رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ سو ٹیسٹ کھیلنے کا خواب پورا نہیں ہوسکا بابر اعظم کے بیان سے میری ریٹائرمنٹ کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ ہر چیز کے ختم ہونے کا وقت ہوتا ہے۔ یہ مناسب وقت ہے، ہفتے کو میرے کیریئر کا آخری ٹیسٹ میچ ہوگا، پاکستان کی نمائندگی کرنا اعزاز کی بات ہے۔ چار پانچ سال انجری کا شکار رہا، مداحوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے بھرپور سپورٹ کیا۔ اظہر علی نے 96 ٹیسٹ اور 53 ون ڈے میچز کھیلے ہیں۔ اظہر علی نے 42.49 کی اوسط سے 7 ہزار 97 رنز 35ففٹیوں اور 19سنچریوں کی مدد سے بنائے۔ وہ ملک کے پانچویں سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز اسکور کرنے والےجبکہ حنیف محمد، انضمام الحق اور یونس خان کے بعد ٹرپل سنچری بنانے والے چوتھے پاکستانی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میری فیملی نے بہت قربانیاں دیں، امید ہے اب انہیں ٹائم دے سکوں گا۔ بہت سے کرکٹرز اپنے ممالک کی قیادت نہیں کرپاتے لیکن میں پاکستان کی کپتانی کرنے میں کامیاب ہوا، میرے لیے بہت فخر کی بات ہے۔مجھ پر کوئی دباؤ نہیں،مستقبل کے حوالے سے ابھی سوچا نہیں، البتہ اپنی کمٹمنٹس پوری کروں گا۔