اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے)کامسٹس یونیورسٹی کے کوئٹہ کیمپس کا افتتاح کر دیا گیا ۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ نے کیمپس کا افتتاح کیا ۔یہ کیمپس پی سی ایس آئی آر کی لیبارٹری کے احاطے میں قائم کیا گیا ہے اور لیبارٹری کی بلڈنگ کیمپس کیلئے استعمال ہو گی۔ ریکٹر کامسٹس یونیورسٹی اور چیئرمین پی سی ایس آئی آر نے کیمپس کے قیام کے حوالے سے ایم او یو پر دستخط کئے۔ افتتاحی تقریب میں پارلیمانی سیکرٹری وزارت سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر شہناز نصیر بلوچ،چیئرمین پی سی ایس آئی آر ڈاکٹر سید حسین عابدی،ریکٹر کامسٹس یونیورسٹی ڈاکٹر محمد تبسم افضل، وی سی تربت یونیورسٹی ڈاکٹر جان محمد بلوچ کے علاوہ دیگر سرکاری و سیاسی شخصیات نے شرکت کی ۔ اس موقع پر آغا حسن بلوچ نے کہا کہ کامسٹس یونیورسٹی کے کیمپس کا قیام وفاقی حکومت اور بی این پی کا بلوچستان کی عوام کے لئے بڑا تحفہ ہے ، کوئٹہ کیمپس بلوچستان کےعوام کو اعلی تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنے کی جانب اہم سنگ میل ہے۔ وفاقی وزیر نے بجٹ مختص کرنے کے لیے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی تاکہ کیمپس مارچ 2023 تک فعال ہو سکے۔ وفاقی وزیر نے پی سی ایس آئی آر اور پی ایس ٹی سی کوئٹہ کے ملازمین کے لیے ہائوس ہائرنگ کی سہولیات کا اعلان بھی کیا ۔انہوں نے اپنی گرانٹ سے پی ایس ٹی سی کیمپس کے احاطے میں سولر ٹیوب ویل لگانے کا بھی اعلان کیا۔