• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’کنگ میسی‘‘ کی قیادت میں فاتح عالم ارجنٹینا فٹ بال ٹیم وطن پہنچ گئی، استقبال کیلئے لاکھوں جمع

بیونس آئرس (جنگ نیوز)’’کنگ میسی ‘‘ عالمی کپ جیتنے کے بعد ارجنٹینا کی ٹیم کے ساتھ وطن پہنچ گئے، بیونس آئرس آمد پر فٹبال دیوانوں نے فاتح لشکر کا والہانہ استقبال کیا۔ جہاز سے سب سے پہلے ٹرافی تھامے کپتان لیونل میسی اور منیجر لیونل اسکالونی باہر نکلے۔عوام کی جانب سے اس دوران آتش بازی نے سماں باندھ دیا۔ کھلاڑیکھلی چھت والی بس میں سوار ہوکر شہر میں وکٹری پریڈ کرتے ہوئے مختلف شہراہوں سے گذری۔ عوام کے جم غفیر کے سبب بس پورے سفر میں کچھوے کی رفتار سے چلتی رہی۔ سڑک کے کناروں، عمارتوں اور کھمبوں پر ملکی پرچم، میسی اور دیگر سپر اسٹارز کی تصویریں آویزاں تھیں۔ لاکھوں مداحوں نے گذشتہ روز دوپہر سے ہی ہوائی اڈے پر ڈیرے ڈال لیے تھے۔ دارالحکومت بیونس آئرس کی سڑکوں پر ٹیم کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے عوام کا سمندر امڈ آیا، شائقین نے میسی اور ٹیم کے حق میں نعرے لگائے اور رقص کرتے رہے۔ اس موقع پر حکومت کی جانب سے ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا۔ ہوائی جہاز کی دم پر میسی کی تصویر ان الفاظ کے ساتھ بنی ہوئی تھی ’’ایک ٹیم، ایک ملک، ایک خواب‘‘۔ کھلاڑیوں نے ہوائی جہاز سے ریڈ کارپٹ کے ساتھ سیدھا ایک کھلی ٹاپ بس کی طرف اپنا راستہ بنایا اس دوران تھیم سانگ مسلسل بجتا رہا۔ دریں اثنا ارجنٹائن فٹ بال ایسوسی ایشن نے فیفا ورلڈ کپ کے دوران پاکستان، بھارت اور بنگلہ دیش کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ پیغام میں لکھا کہ ’’آپ کا شکریہ، بنگلہ دیش، آپ کا شکریہ، کیرالہ، ہندوستان، پاکستان، آپ کا تعاون شاندار تھا۔ دوسری جانب سے ورلڈکپ رنرز اپ فرانسیسی ٹیم بھی اپنے ملک واپس پہنچ گئی، انہیں بھی فٹبال پرستاروں کی جانب سے زبردست انداز میں ویلکم کیا گیا۔

اسپورٹس سے مزید