کراچی(اسٹاف رپورٹر) چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ کاش پاکستان ٹیم کا اعلان نہ ہوتا تو اس پر غور کرتے اور نئے آئیڈیاز کے ساتھ کام کرتے البتہ اب اس پر آگے دیکھیں گے۔ بورڈ میں اب نیا سیٹ اَپ آئے گا ، بڑا ہدف ڈومیسٹک کرکٹ بحال کرنا ہے، 4سال کے بعد آیا ہوں معاملات کو ٹھیک کرنے کے لیے ابھی بہت کام کرنے ہیں۔ پشاور ہرگز ریڈ فلیگ ایریا نہیں۔وہاں بھی انٹرنیشنل کرکٹ کرائیں گے۔ کرکٹرز کو روزگار فراہم کرینگے۔جمعرات کو لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ آج کمیٹی کا پہلا اجلاس ہے اس میں جو فیصلے ہوں گے ان سے آپ کو آگاہ کریں گے، ہمیں ڈومیسٹک کرکٹ کو ٹھیک کرنا ہے، ڈپارٹمنٹل کرکٹ بحال کرنا چاہتے ہیں تاکہ روز گار ملے۔ پی سی بی کے سربراہ کی حیثیت سے نجم سیٹھی نے جمعرات کو اپنی ذمے دارایاں سنبھال لیں۔ قذافی اسٹیڈیم میں ان کا استقبال چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر، ڈائریکٹرز اور دیگر افسران نے کیا۔ نجم سیٹھی نے انتظامی کمیٹی کے ساتھ طویل میٹنگ کی۔ انہوں نے افسران کو پیغام بھجوایا ہے کہ وہ ایک دو دن میں سب سے الگ الگ میٹنگ کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں نجم سیٹھی نے کہا کہ رمیز راجا سے کوئی تصادم نہیں، ہمارا تصور تھا عمران خان کا ویژن چیزوں کوبہتر کرے گا اس لیے میں نے عزت کے ساتھ گھر جانے کو ترجیح دی۔ ہم نے بہت کچھ ڈیلیو رکیا ، ہماری لسٹ بہت لمبی ہے جب کہ عمران خان کو چار سال موقع ملا اس پر کچھ نہیں کہوں گا۔