کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کی انتظامی کمیٹی کا پہلا اجلاس جمعے کو نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کی صدارت میں ہوا جس میں مختلف امور پر غور کیا گیا، اجلاس کو بتایا گیا کہ پی ایس ایل کے کچھ میچز کی میزبانی کوئٹہ کو دی جائے گی،کمیٹی نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پی سی بی بگٹی اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن اور تزئین و آرائش کے لیے مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرے گا، اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پی سی بی سیکیورٹی ماہرین اور مقامی حکام کے درمیان الگ الگ بات چیت ہوگی ۔ مستقبل میں پشاور میں بھی انٹر نیشنل میچوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ مینجمنٹ کمیٹی نے پی سی بی کے آئین 2014 کے تحت ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے پر تبادلہ خیال کیا اورپاکستان کپ کو 3 جنوری کو مکمل ہونے دینے کا فیصلہ کیا۔ ڈومیسٹک معاملات اور آئین کے حوالے سے نجم سیٹھی، شکیل شیخ اور ہارون رشید پر مشتمل ایک کمیٹی بنائی گئی ہے۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئےنجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان سپرلیگ سیزن 2023 کے میچز کوئٹہ میں بھی کرائے جائیں گے۔ اداروں کی جانب سے کوئٹہ میں بھر پور سیکیورٹی کی یقین دہانی کرا ئی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ ایجنڈے میں بہت کچھ تھا جو مکمل نہیں ہوسکا، ہفتے کو دوبارہ اجلاس ہوگا۔ پاکستان کپ شیڈول کے مطابق ہوگا، دوسرے تمام پروگرام روک دیے گئے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ بورڈ ملازمین کی تنخواہوں پر نظر ثانی کریں گے، پورے سسٹم کا از سر نو جائزہ لیا جائے گا۔