• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک ایران توانائی، تجارت میں تعاون کے وسیع امکانات، اسحاق ڈار

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاک ایران توانائی، تجارت میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں، ایرانی سفیر کی ملاقات،بارڈرٹریڈ،سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال، وزیر خزانہ سے چیئرمینNDMA بھی ملے، تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے جمعہ کوملاقات کی۔وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ایرانی سفیر کا خیرمقدم کیا اور پاکستان اور ایران کے درمیان صدیوں پرانی مذہبی اور ثقافتی وابستگیوں پر مبنی گہرے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تجارتی حجم بہترین سطح پر نہیں ہے۔ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارتی حجم میں نمایاں اضافہ کرنے کے سلسلہ میں رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ایران کےسفیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان توانائی، تجارت اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں،ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم کو بڑھانے کے لیے سرحدی منڈیاں کھولنے، بارٹر ٹریڈ، آزاد تجارتی معاہدے اور باہمی سرمایہ کاری پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ اور ایرانی سفیر نے باہمی دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور مشترکہ دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔دریں اثناءسینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک اور ان کی ٹیم کے ساتھ فنانس ڈویژن میں اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو طارق محمود پاشا، سپیشل سیکرٹری خزانہ اور این ڈی ایم اے کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے اجلاس کو این ڈی ایم اے کے موجودہ ورکنگ سٹرکچر کے ساتھ آفات سے قبل اور بعد کی تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ چیئرمین نے ڈیزاسٹر ریسپانس کے نظام کو فوری امدادی کارروائیوں سے لے کر ایک فعال ترین ادارہ کے طور پر دوبارہ تشکیل دینے پر بھی روشنی ڈالی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے تباہ کن آفات میں متاثرہ افراد کی امداد اور بحالی کے لئے این ڈی ایم اے کے کردار اور سرگرمیوں کو سراہا۔
اہم خبریں سے مزید