لاہور(اے پی پی)وفاقی وزیر اقتصادی و سیاسی امور سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ محمد نوازشریف جلد وطن واپس آئیں گےاورملک کو بحرانوں سے نجات دلائیں گے.
‘جنوری میں مسلم لیگ (ن) پنجاب میں اپنی حکومت بنا لے گی‘آئندہ انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے‘ مسلم لیگ (ن) بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی‘جلد انتخابات کی راہ دیکھنے والے اپنی خواہش دل میں ہی رکھیں‘ پرویز الٰہی سے یہ کہوں گا عمران خان کسی کا دوست نہیں ہے ۔
اتوار کو یہاں جلسہ عام سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں ایاز صادق کا کہناتھا کہ ہمارے قائدین بانی پاکستان کی روایات کو آگے لے کر بڑھ رہے ہیں اور وہ دوسروں کو عزت دینا جانتے ہیں جبکہ عمران خان نے ہمیشہ منفی سیاست کی ہے اور اپنے مخالفین کو برے القابات سے پکارا ہے‘
مسلم لیگ (ن) نے 2018 میں اپنا دور مکمل کیا تو اس وقت جی ڈی پی کی شرح 6 فیصد کے قریب تھی اس کے بعد عمران خان کو اقتدار میں جب لایا گیا تو اس نے ملک کو بربادی کی طرف گامزن کر دیا‘ عمران خان آئی ایم ایف سے ایسا معاہدہ کر گئے جس سے ملک میں مزید معاشی بحران پیدا ہو گیا۔
عمران خان ایک احسان فراموش آدمی ہے، جس نے بھی اس پر احسان کیا وہ اس کے شر سے محفوظ نہیں رہا، مسلم لیگ (ن) نے شوکت خانم کیلئے زمین دینے کے ساتھ فنڈز بھی دیئے تھے اور جہانگیر خان ترین نے اس کی پنجاب حکومت بنوانے میں اہم کردار ادا کیا
علیم خان نے اس کی پارٹی کیلئے بے شمار قربانیاں دیں جبکہ سابق آرمی چیف کے بھی عمران خان پر بہت احسانات ہیں مگر یہ احسان فراموش ہر کسی کو برا بھلا کہہ رہا ہے۔