ملتان (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ملتان کی ترقی کا سفر تیز کرنے کیلئے قومی تعمیر نو کے محکموں کو خصوصی ٹاسک دیا گیا ہے۔میگا پراجیکٹس کی تکمیل بروقت مکمل کرنے کیلئے فنڈز کی فراہمی بھی یقینی بنائی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اراکین اسمبلی کی مشاورت سے انکی تجویز کردہ سکیموں کو ترجیحی بنیادوں پر منظور کیا جائے گا تاکہ عوام کو براہ راست ریلیف فراہم کی جاسکے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر آفس میں اراکین اسمبلی سے خصوصی ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ملاقات میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر اختر ملک ،ایم این اے ملک عامر ڈوگر ،ابراہیم خان ایم پی ایز ندیم قریشی ،واصف مظہر راں ،جاوید اختر انصاری اور دیگر شریک ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کو فنڈز کی فراہمی میں ارکین اسمبلی کا بھرپور تعاون حاصل ہے جس کے ثمرات عوامی منصوبوں کی بروقت تکمیل کی شکل میں سامنے آرہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گڈ گورننس کو مزید بہتر کرکے سرکاری اداروں پر عوام کا اعتماد بحال کرنا ترجیح ہے۔قبل ازیں اراکین اسمبلی نے اپنے حلقوں کے حوالے سے مخلتف مسائل اور تجاویز بھی پیش کیں جن پر ڈپٹی کمشنر نے موقع پر سرکاری محکموں کو احکامات جاری کئے۔