کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسپورٹس بورڈ اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے کشیدہ تعلقات ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ سگ فرائیڈایکمین کو تنخواہ کی ادائیگی میں پیچیدگی کا باعث بن رہے ہیں ۔ بورڈ نے بقایاجات کی مد میں 79لاکھ روپے کا چیک تیار کرلیا ہے، تاہم پی ایچ ایف کو تسلیم نہ کرنے کی وجہ سے حکام چیک فیڈریشن کے اکاؤنٹ میں جمع نہیں کرارہے۔ ایسا کرناڈی نو ٹی فائی فیڈریشن کو تسلیم کرنے کے مترادف ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہمیں ہر فیڈریشن کو ادائیگیوں کی نگرانی اور آڈٹ کرانا ہوتا ہے ۔ معاہدے کے تحت غیر ملکی کوچ کی رقم کی ادائیگی پی ایس بی کی ذ مے داری ہے، ایکمین پچھلے آٹھ ماہ کی تنخواہ سے محروم ہیں جس کی وجہ سے ہالینڈ چلے گئے ہیں۔