• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایئرپورٹ پر سہولیات کا فقدان مسافروں سے ناروا سلوک، سپریم کورٹ کا مربوط نظام بنانے کا حکم

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سپریم کورٹ نے ائیرپورٹس پر عدم سہولیات اور مسافروں سے ناروا سلوک سے متعلق درخواست پر ایف آئی اے، اے ایس ایف، سول ایوی ایشن اتھارٹی اور دیگر کو مسافروں کی شکایات فوری دور کرنے کیلئے مربوط نظام بنانے کا حکم دیدیا۔ جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس سید حسن اظہر رضوی پر مشتمل بینچ کے روبرو ایئرپورٹس پر عدم سہولیات اور مسافروں سے ناروا سلوک سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔ سول ایوی ایشن حکام نے بتایا کہ مسافروں کی سہولیات کیلئے مسلسل اقدامات کیے جارہے ہیں۔ ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ انسانی اسمگلنگ، منشیات منتقلی، غیرقانونی اشیا کی برآمدگی روکنے کیلئے ایئر پورٹس پر جدید انتظامات کیے ہیں۔ ایئر پورٹس پر آئی بی ایم ایس اور مشین ریڈیبل پاسپورٹ سسٹم بھی نصب کردیا گیا ہے۔ اے ایس ایف نے مسافروں کی شکایات کے فوری ازالے کے لئے کاؤنٹرز قائم کئے ہیں۔ سپریم کورٹ نے تمام اقدامات سے متعلق تفصیلی اور اپڈیٹڈ رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ سپریم کورٹ نے متعلقہ حکام سے مسافروں کی سہولیات سے متعلق اپڈیٹڈ رپورٹس طلب کرلیں۔ عدالت عظمی نے ایف آئی اے، اے ایس ایف، سول ایوی ایشن اتھارٹی اور دیگر کو مسافروں کی شکایات فوری دور کرنے کیلئے مربوط نظام بنانے کا حکم دیدیا۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید