• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دکانیں وقت پر بند نہ ہوئیں تو رات میں بجلی مہنگی کرنیکا آپشن ہے، احسن اقبال

کراچی(ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ دکانیں وقت پر بند نہ ہوئیں تو رات میں بجلی مہنگی کرنیکا آپشن ہے، سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا کہ پرویز الٰہی کو عمران خان کے ساتھ کھڑا اور الیکشن کا شیڈول مارچ،اپریل میں آتا دیکھ رہا ہوں، پیغام دیدیا گیا ہے آپ اس طرف بھی سوچیں،میں آپ کے پروگرام میں آؤں تو عمران خوش نہیں ہوتا،دس ماہ سے اسٹیبلشمنٹ سے رابطہ نہیں، سربراہ پی ایس پی مصطفی کمال نے کہا کہ 2019ء میں سابقہ اسٹیبلشمنٹ پی ٹی آئی میں ضم ہونے کا کہتی رہی۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں میزبان شاہزیب خانزادہ سے گفتگو کررہے تھے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے مزید کہا کہ عمران خان ہمیں آئی ایم ایف کے پروگرام سے نکال گئے تھے، ہم نے بڑی محنت اور مشکل فیصلوں کے بعد آئی ایم ایف پروگرام بحال کیا، عمران خان نے ملکی معیشت تباہ کرنے کیلئے چار سال دن رات کام کیا، عمران خان نے اقتدار میں آکر ساری دنیا میں پاکستان کو بدنام کیا، پی ٹی آئی حکومت میں ملک سے چینی و غیرملکی سرمایہ کار چلے گئے، وزیراعظم کہہ چکے ہیں آئی ایم ایف پروگرام مکمل کریں گے، زرمبادلہ کے ذخائر جون 2023ء تک قابل اطمینان سطح پر آجائیں گے، عمران خان کہتے ہیں فوری الیکشن کروائے جائیں، ملک چار مہینے کیلئے غیریقینی صورتحال کا متحمل نہیں ہوسکتا، دوست ممالک نے مشکل وقت میں ساتھ کھڑے ہونے کی یقین دہانی کرائی ہے، آرمی چیف کے دورئہ سعودی عرب سے باہمی تعلقات میں مزید تقویت آئے گی، دکانیں وقت پر بند نہ ہوئیں تو رات میں بجلی کی قیمت بڑھانے کا آپشن ہے، دنیا میں ترقی کرنے والی قومیں جلدی سوتی اور جلدی جاگتی ہیں۔ شیخ رشید نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں الیکشن کا شیڈول مارچ، اپریل میں آتا دیکھ رہا ہوں، پیغام دیدیا گیا ہے کہ آپ اس طرف بھی سوچیں، زندگی میں پہلی دفعہ کسی سپہ سالار کو کہتے سنا کہ ملک نازک دور سے گزر رہا ہے، قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں کہا گیا کہ معاشی استحکام قومی سلامتی کا ضامن ہے، مقتدر حلقے جانتے ہیں ملک بدترین بحران سے گزر رہا ہے، فوج کو احساس ہے کہ غریب آٹے اور دوائیوں کیلئے مررہے ہیں، فروری مارچ میں چوک چوراہوں پر کتا کتا نہ ہوئی تو سمجھوں گا لوگوں کے حالات ٹھیک ہوگئے ہیں۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں فوج کے خلاف بات نہیں کرنا چاہتا، میں عمران خان کے خلاف بھی نہیں بول سکتا، کل دھند نہ ہوئی تو میں عمران خان سے ملوں گا، میرا دس مہینے سے اسٹیبلشمنٹ سے رابطہ نہیں ہے، مجھے خوشی ہوگی عمران خان کا بھی ادھر بہتر رابطہ ہو، حکومت عمران خان کو نااہل کرنے کیلئے دن رات کوششیں کررہی ہے، عمران خان کھمبے کو ٹکٹ دے گا تو وہ بھی جیت جائے گا، حکمراں اتحاد کی 13جماعتوں کو ووٹ نہیں کچھ اور پڑے گا۔ شیخ رشید نے کہا کہ جنرل باجوہ نے ساڑھے تین سال مجھ سے سیاسی بات کی نہ میری سیاسی ملاقات ہوئی، میں آپ کے پروگرام میں آؤں تو عمران خان مجھ سے خوش نہیں ہوتا ہے۔
اہم خبریں سے مزید