لاہور، گجرات (اے پی پی، نمائندہ جنگ)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما مشیر وزیرا عظم برائے امور کشمیر وگلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہےکہ پرویز الٰہی زیادہ سے زیادہ 20 جنوری تک وزیراعلی رہیں گے، اگر ہم عمران خان سے حکومت نہ لیتے تو ملک کو ناقابل تلافی نقصان ہوتا۔ گجرات میں میڈیا سے گفتگواور لالہ موسیٰ میں لالہ موسیٰ ڈنگہ لنگ روڈ کے تعمیراتی کام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قمر زمان کائرہ نے کہا عمران خان کبھی فوج، کبھی الیکشن کمیشن کی عزت اچھالتےہیں، ہماری حکومت تو آئی مگر پنجاب اور کے پی کی حکومت نے مہنگائی کم کرنے کیلئے ہمارا ساتھ نہیں دیا ،اہم ممالک عمران خان کے دور میں پاکستان سے ناراض ہوئے ،آپ سب کو نہیں پتہ اس وقت عمران خان کیا کرنے جارہے تھے،صوبے آپس میں لڑائی پر آگئے تھے ، اس وقت جوخدشات پیدا ہوگئے تھے اس طرح کوئی ملک نہیں چلتا، عمران خان نے پشاور اسکول بچوں کے قاتلوں،ہندوستان کے اشاروں پر چلنے والے دہشت گردوں کیلئے راستے کھو ل کر ان کی سپورٹ کی۔انھوں نے کہا میں ہر فورم پر کہتا ہوں ہمارے دور حکومت میں مہنگائی بڑھی، تیل ،آٹا ، بجلی مہنگی ہوئی لوگ تنگ ہوگئے ہیں مگر اس بڑھتی مہنگی کا ذمہ دارکون ہے کیا ہمارے دور میں کوئی ایسے فیصلے ہوئے ہیں عالمی حالات ایسے ہوئے جس کی وجہ سے پاکستان میں بھی مہنگی ہوئی ہے۔قمر زمان کائرہ نے کہا عمران خان نے گزشتہ چار سال میں ملک کو عالمی سطح پر تنہا کیا اور سعودی عرب، چین ، ترکی اور ملائیشیا جیسے ممالک جنہوں نے ہر قسم کے حالات میں پاکستان کا ساتھ دیا ان ممالک سے عمران خان نے پاکستان کے سفارتی تعلقات کو خراب کیا۔