اسلام آباد (نمائندہ جنگ)نیلم جہلم کے تمام پراجیکٹ ڈائریکٹرز کےنام قائمہ کمیٹی کو فراہم کیے جائیں اور حکومت پاکستان کونسل آف ریسرچ ان واٹر ریسورسز کو ریسرچ بجٹ دے۔ یہ ہدایات قائمہ کمیٹی برائے آبی وسائل نےگزشتہ روز پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں منعقدہ اپنےاجلاس میں جاری کیں ۔ اجلاس کی صدارت میر غلام علی تالپور ایم این اے نے کی۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ بند ہےجس سے اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے،پاور ہاؤس اور دریائے جہلم کے درمیان ڈرینج ٹنل ٹوٹ گئی اس لیے ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کو بند کر دیا گیا،ڈائریکٹرز کےنام طلب کرلئے گئے،ٹنل کی بندش کو کھولنے پر 2.69 ارب روپے لاگت آئے گی۔ اس کے بعد مرمت کے کام کا تخمینہ لگایا جائے گا، کچھ کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جو ٹنل کی مرمت کے حوالے سے واپڈا کی رہنمائی کریں گے۔