کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر)مشرقی بائی پاس مسلم اتحاد کالونی میں گیس لیکیج کے باعث دھماکے سے دو گھر وںکی چھتیں اور دیواریں گر گئیں اور ملبے تلے دب کر نو بیاہتا جوڑے اورپانچ بچوں سمیت سات افراد جاں بحق جبکہ میاں بیوی اور ایک بچہ شدید زخمی ہو گیا ۔میاں ، بیوی اور ایک بچہ شدید زخمی، گیس پریشر کم ہونے سے ہیٹر بجھ گیا اور کمرے میں گیس بھر گئی،گھر کے مکین نے دوبارہ ہیٹر جلانے کیلئے ماچس جلائی تو دھماکہ ہو گیا، سات جنازےپہنچنے پر علاقے میں کرام مچ گیا۔ 15روز کے دوران گیس لیکیج کے چار واقعات میں ایک ڈاکٹر سمیت 9افراد جاں بحق اور سات زخمی ہو چکے ہیں ۔ پولیس کے مطابق مشرقی بائی پاس کے علاقے مسلم اتحاد کالونی میں بالائی منزل پر رہائش پذیر سعید محمداپنی بیوی کے ہمراہ شدید سردی کے باعث گیس کا ہیٹر جلا کر سو گیا تھا۔ رات کو پریشر کم ہونے سے ہیٹر بجھ گیا اور کمرے میں گیس بھر گئی۔ رات گئے سعید محمد نے اٹھ کر ہیٹر جلانے کیلئے جیسے ہی ماچس جلائی تو کمرے میں ایک زور دار د ھماکہ ہوا اور کمرے کی چھت اور دیواریں گر گئیں اور اس کے ملبے تلے دب کر سعید محمد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ اسکی بیوی شدید زخمی ہو گئی۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کے گھر کا ملبہ ہمسائے میں رہائش پذیر شرافت الدین کے گھر پر گرا اور اس کے گھر کی چھت بھی گر گئی ۔