پشاور(نمائندہ جنگ) پشاورہائیکورٹ نے مبینہ کرپشن اورقوائد کی خلاف ورزی کے الزامات ثابت ہونے پرچارسدہ شبقدر کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو ملازمت سے برطرف کردیاہے۔ برطرف اے ڈی سیشن جج انکوائری کے دوران وہ کرپشن اورقوائد کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے، اس ضمن میں پشاورہائیکورٹ کے رجسٹرار کی جانب سے جاری حکم نامہ کے مطابق ایک شکایت پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شبقدر عظیم اللہ مشوانی کیخلاف محکمانہ کارروائی شروع کی گئی جن کے خلاف موجود ثبوتوں کی روشنی میں انکوائری کی گئی ۔ اس دوران متعلقہ جج کو شوکازنوٹس بھی جاری کیا گیا جس پر انہوں نے اپنا جواب جمع کیاجبکہ 9جنوری 2023کو ذاتی طور پر ان کا موقف سنا گیا۔حکم نامہ کے مطابق وہ ان الزامات کے دفاع میں کوئی تسلی بخش جواب نہیں دے سکے جبکہ انکوائری کے دوران وہ مبینہ کرپشن اورقوائد کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے۔