کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے ایک بار پھر عمران خان کو ساتھ بیٹھنے کی دعوت دیدی، جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان آئیں اور ساتھ بیٹھ کر ملکی معیشت اورآئندہ انتخابات کیلئے اصلاحات کے پیکیج پر اتفاق رائے کریں۔احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اسمبلی میں خیر کیلئے نہیں اسمبلی کو خراب کرنے کیلئے آنا چاہتی ہے، ملک کی موجودہ صورتحال میں نگراں سیٹ اپ مزید بحران پیدا کرے گا، نگراں وزیراعلیٰ کیلئے محسن نقوی ہی اہلیت پر پورا اترتے ہیں۔ حامد میر کی میزبانی میں ہونے والے پروگرام میں صدر سپریم کورٹ بار عابد زبیری اور وزیرمحنت سندھ سعید غنی بھی شریک تھے۔عابد زبیری نے کہا کہ عمران خان کے 33حلقوں پر ضمنی انتخاب لڑنے سے استحکام نہیں آئے گا، ملک میں سیاسی استحکام کیلئے عام انتخابات ہونے چائیں، آئینی طور پر پنجاب اور خیبرپختونخوا کے الیکشن ستمبر 2023ء میں ہونے کی گنجائش نہیں ہے۔سعید غنی نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان پی ڈی ایم نے کیا ہے، پیپلز پارٹی پی ڈی ایم کا نہیں وفاقی حکومت کا حصہ ہے، ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کا خیال ہے کراچی میں الگ الگ الیکشن لڑنے چاہئیں، انتخابات سے قبل نگراں حکومت کا کانسیپٹ بری طرح ناکام ہوگیا ہے،جماعت اسلامی سے کافی مثبت ملاقات ہوئی ہے سندھ حکومت سے متعلق ان کے تحفظات دور کریں گے، کراچی کیلئے یہی بہتر ہے پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی مل کر شہر کی خدمت کریں۔