راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) اسسٹنٹ کمشنر صدر راولپنڈی کو ایک مرتبہ پھر تبدیل کر دیا گیا جبکہ عدالت سے بحال ہونے والے اے سی کی شنوائی نہیں ہو رہی۔ پنجاب حکومت نے اب کی بار اے سی تونسہ شریف جمیل حیدر شاہ کو لا کر اسسٹنٹ کمشنر صدر راولپنڈی تعینات کر دیا ہے جبکہ انکے پیشرو اسسٹنٹ کمشنر راولپنڈی صدر کامران صغیر کو او ایس ڈی بنا دیا گیا ہے۔ گزشتہ ایک ماہ سے اسسٹنٹ کمشنر صدر کی سیٹ میوزیکل چیئر بن چکی ہے۔ پنجاب حکومت نے جلیل الرحمان انجم کو پہلے اے سی صدر تعینات کیا‘ پھر تلہ گنگ بھیج دیا جبکہ انکی جگہ کامران صغیر کو ملتان سے لا کر تعینات کیا گیا تھا۔ جلیل الرحمان نے تبادلے کو پنجاب سروسز ٹربیونل میں چیلنج کیا اور حکم امتناعی لیکر واپس آ گئے لیکن پھر کامران صغیر چارج نہیں چھوڑ رہے تھے جس کے باعث اے سی دفتر کو تالے لگانے پڑے۔ اب کامران صغیر کو او ایس ڈی بنا کر جمیل حیدر شاہ کو لگایا گیا ہے لیکن جلیل الرحمان کے حوالے سے کوئی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔ اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر اے ڈی سی آر راولپنڈی محمد عبداللہ نے بھی کوئی جواب نہیں دیا۔ جلیل الرحمان سے قبل آصف حسین کو پی ایچ اے لاہور سے لاکر اے سی تعینات کیا گیا تھا لیکن وہ چارج چھوڑ کر چلے گئے تھے۔ ان کو کامران مشتاق کی جگہ کی تعینات کیا گیا تھا۔ کامران مشتاق کو عبدالرحمان کو تبدیل کرکے لگایا گیا تھا۔