راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر)راولپنڈی میں سب ڈویژنل پولیس آفیسرکی تین اہم سیٹوں پرافسروں کی تقرری نہ ہوسکی ،ضلع راولپنڈی کے 8سرکلز میں سے تین انتہائی اہم سرکلز نیوٹاؤن ،سٹی اورصدربیرونی میں ڈی ایس پیزکی تقرری نہ ہوسکی ،ضلع بھرمیں کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے تناظر میں یہ تینوں سرکل انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اوران میں ضلع کے دس اہم پولیس سٹیشن تھانہ سٹی ،گنج منڈی ،رتہ امرال ،پیرودھائی ،صادق آباد،نیوٹاؤن ،صدربیرونی ،دھمیال ،چکری اورچونترہ واقع ہیں ،نیوٹاؤن سرکل کے ایس ڈی پی او اے ایس پی وقاص خان اورسٹی سرکل کی ایس ڈی پی اوکی اے ایس پی میڈم ماہم خان کو ترقی ملنے کے بعدبالترتیب ایڈیشنل ایس پی پوٹھوہار اورایڈیشنل ایس پی راول ڈویژن تعینات کردیاگیاتھا جب کہ ایس ڈی پی اوصدرسرکل وقارعظیم کو ہفتہ کے روز آئی جی پولیس پنجاب عامرذوالفقار خان نے معطل کردیاتھاجس کے بعدسے تاحال تینوں خالی سیٹوں پرتقرری عمل میں نہیں آسکی۔سٹی سرکل اورنیوٹاؤن سرکل کااضافی چارج ایس ڈی پی اووارث خان سرکل ڈی ایس پی مرزاطاہرسکندرکے حوالے کیاگیاہے اس طرح وہ پورے راول ڈویژن میں واحد ایس ڈی پی اوہیں جب کہ صدرسرکل کاچارج تاحال کسی افسرکے پاس نہیں ہے ۔ذرائع کاکہناہے کہ پنجاب میں نگران وزیراعلیٰ کے تقرر،حلف اٹھانے کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اورخیبرپختونخوا میں سرکاری ملازمین کے تقرروتبادلوں پرپابندی عائدکردی ۔الیکشن کمیشن کی اجازت کے بغیرکسی افسرکی تعیناتی یاتبادلہ نہیں ہوسکتا،اب نئے آئی جی پولیس پنجاب کی تقرری کے بعدہی ان خالی سیٹوں پرتعیناتیاں ہوسکیں گی اورآنے والے دنوں میں آرپی اواورسی پی اوسے لے کرایس ایچ اوزتک پولیس افسروں کے تبادلے الیکشن کمیشن کی منظوری سے عمل میں لائے جائیں گے۔