رحیم یارخان، اسلام آباد، لاہور (نمائندہ جنگ، ایجنسیاں) متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زائد نے وزیراعظم شہباز شریف سے کہاکہ آپ تیاری کریں، پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کرینگے، شیخ محمد بن زائد نے کہا کہ وہ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں، یو اے ای ہمیشہ پاکستان کیساتھ کھڑا رہیگا۔ اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید النہیان پاکستان کے دورے کے دوران رحیم یار خان پہنچے جہاںچاندنہ ائیرپورٹ پر وزیر اعظم شہباز شریف،نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی اوروفاقی وزراء نے ان کا استقبال کیا۔ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے تاریخی تعلقات اور مشترکہ تعاون کو بڑھانے کے مواقع کا جائزہ لیا، مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا، وزیر اعظم شہباز شریف نے شیخ محمد کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کیا۔دونوں رہنماؤں نے خاص طور پر معیشتتجارت اور ترقی کے شعبوں میں تعاون کے مختلف راستوں پر تبادلہ خیال کیا۔ اسکے علاوہ متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور بھی زیر غور آئے۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ تاریخی تعلقات پر فخر ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور اماراتی صدر کی ملاقات برادرانہ ماحول میں ہوئی، شیخ محمد بن زاید نے وزیراعظم شہباز شریف سے بڑی والہانہ محبت کا اظہارکیا اور وزیراعظم کا ہاتھ تھامے اپنے جہاز میں لےگئے،یو اے ای کے صدر نے وزیراعظم کی اپنے اہلخانہ اور بچوں سے بھی ملاقات کرائی، وزیراعظم نے شیخ محمدبن زاید کے بچوں سے عربی اور انگریزی میں گفتگو کی۔ذرائع نے بتایا ہےکہ صدر یو اے ای نے وزیراعظم کو پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کرنےکا بھی عندیہ دیا۔ انکا کہنا تھا کہ آپ تیاری کریں، یو اے ای پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کریگا۔ بعدازاں شہبازشریف سےوزیراعظم ہاؤس میں سابق صدرآصف زرداری نےملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اورایم کیوایم پاکستان کےتحفظات پر گفتگوہوئی، ملاقات میں آئندہ کی سیاسی حکمت عملی اور سندھ کی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر اسحاق ڈار، ایاز صادق، سعد رفیق،ڈاکٹرعاصم حسین اور سلیم مانڈوی والا بھی موجود تھے۔وزیراعظم شہباز شریف سے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم نےمحسن رضا نقوی کو نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا، بوریوالہ سے نامہ نگار کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے(ن)لیگ کے رکن قومی اسمبلی سید ساجد مہدی سلیم شاہ نےبھی پی ایم آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی ومعاشی صورتحال پرگفتگوکی گئی،وزیراعظم نے کہا کہ ملک و قوم کو درپیش مسائل کا مکمل ادراک ہے انہیں حل کرنے کیلئے پرعزم ہیں قوم کو درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے حکومتی سطح پر بھرپور کوششیں جاری ہیں،سید ساجد مہدی سلیم شاہ نے وزیراعظم کو علاقائی سیاست اور آئندہ منعقد ہونے والے انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرنے کے لیے کی جانے والی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔