• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی حیدر آباد میں بلدیاتی الیکشن نہیں صرف ایکشن ہوا، خالد مقبول

کراچی( اسٹاف رپورٹر)ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ 15 جنوری کو الیکشن نہیں ایک ایکشن ہوا تھا جسے عوام نے بھی مسترد کر دیا ،15جنوری کو ہونے والے انتخابات بغیر کسی حلقہ بندی کے ہوئے ہیں جو عوام کے آئینی، قانونی و جمہوری حق پر ڈاکہ ہے۔ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ سے التجا ہے کہ ٹیکس دینے والے ملک کو چلانے والے اس شہر کے حق نمائندگی کو تسلیم کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔وہ بدھ کو عارضی مرکز بہادر آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے، خالد مقبول نے مزید کہا کہ31 دسمبر 2021 کو سندھ لوکل گورنمنٹ کے ایکٹ 10/1 کے تحت سندھ حکومت نے حلقہ بندیاں کیں۔ اسی سیکشن کو 12 جنوری 2023 کو سندھ حکومت نے واپس لے لیا۔ نوٹیفکیشن کی واپسی کے بعد 13 جنوری کو عملی طور پر کسی یوسی کی حلقہ بندی موجود نہیں تھی۔انہوں نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان آئینی، قانونی، جمہوری طریقے سے انتخابات میں حصہ لینا چاہتی ہے اور ملک کے 98 فیصد متوسط طبقے کی نمائندگی کرتی ہے ہم اگر حصہ نہیں لینگے تو الیکشن تسلیم ہی نہیں ہونگے۔
اہم خبریں سے مزید