• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اداروں کیخلاف اکسانے کا الزام، فواد جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) جوڈیشل مجسٹریٹ وقاص احمد راجہ نے الیکشن کمیشن کیخلاف نفرت پھیلانے کے مقدمہ میں گرفتار رہنما پاکستان تحریک انصاف فواد چوہدری کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے اور اہل خانہ سے ملاقات کرانے کا حکم دیدیا ہے۔ عدالت نے پولیس کی جانب سے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی۔ دوران سماعت فاضل جج نے عدالتی عملہ سے کہا کہ تفتیشی افسر کو کہیں ساڑھے گیارہ بجے فواد چوہدری کو لائے اور میڈیکل کروا کر رپورٹ بھی پیش کرے۔ اسکے بعد عدالت نے سماعت میں وقفہ کر دیا۔ وقفے کے بعد تفتیشی افسر محمد علی سخت سیکورٹی میں فواد چوہدری کو لے کر عدالت پیش ہو گئے۔ سماعت شروع ہونے پر فیصل چوہدری کی جانب سے فواد چوہدری کی ہتھکڑی کھولنے کی استدعا پر عدالت نے پولیس کو ہتھکڑی کھولنے کی ہدایت کر دی۔ پراسیکیوٹر نے فواد چوہدری کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ کل فواد چوہدری کو اسلام آباد سے لاہور لے کر گئے۔دوران سماعت الیکشن کمیشن کے وکیل نے فواد چوہدری کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا نہیں کی اور کہا کہ ہم نے صرف فواد چوہدری کے فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کروانا تھا جو ہو چکا ہے۔ وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے پولیس کی جانب سے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے فواد چوہدری کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے اور اہل خانہ سے ملاقات کرانے کا حکم سنا دیا۔ سماعت کے موقع پر وفاقی پولیس کی جانب سے ایف ایٹ کچہری میں سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

ملک بھر سے سے مزید