• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشین کرکٹ کلینڈر کبھی منظور نہیں ہوا، پی سی بی بھارت کی سازش بے نقاب کرنے کو تیار

 کراچی (عبدالماجدبھٹی) امکان ہے کہ ہفتے کو بحرین میں ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں بھارتی بورڈ کی پاکستان مخالف سازش بے نقاب ہوجائے گی۔ پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی بھر پور تیاری اور قانونی مشاورت کے ساتھ اجلاس میں شریک ہورہے ہیں جہاں وہ بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے بیٹے اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ کو منہ توڑ جواب دیں گے۔ ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس کے ایجنڈے میں2023-24 کے اے سی سی کلینڈر کی منظوری بھی شامل ہے۔ ایک ماہ پہلے ایشین کرکٹ کونسل کا میڈیا ریلیز جھوٹا نکلا کہ اے سی سی نے کلینڈر کی منظوری دی ہوئی ہے۔ حقائق اس کے برعکس اور اے سی سی پر بھارتی پریشر کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی اور چیف ایگزیکٹیو فیصل حسنین ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لئے جمعرات کی شب لاہور سے بحرین روانہ ہوگئے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کوشش کرے گا کہ اجلاس میں بھارت کو قائل کیا جائے کہ وہ ایشیا کپ کھیلنے ستمبر میں پاکستان آئے۔ جبکہ بھارت پاکستان کی میزبانی میں ہونے والا ٹورنامنٹ امارات میں کرانے کا اعلان کرچکا ہے۔ نجم سیٹھی کے چیئرمین بننے کے بعد پہلی بار اے سی سی کی میٹنگ طلب کی گئی ہے۔ پی سی بی کے اصرار پر بلایا گیا اجلاس چار فروری کو ہوگا۔ بی سی بی حکام ایشیا کپ کی میزبانی اور بھارتی بورڈ کے رویے کا معاملہ اٹھائیں گے۔ اے سی سی کے صدر اور سیکریٹری بی سی سی آئی جے شاہ نے بھارتی ٹیم پاکستان نہ بھجوانے کا اعلان کیا ہوا ہے۔ چھ جنوری کو ایشین کرکٹ کونسل کے میڈیا ریلیز میں موقف اپنایا کہ اپنے طے شدہ طریقہ کار کی پیروی کرتے ہوئے کیلنڈر 2023-24 کا اعلان کیا ہے۔ کیلنڈر کے حوالے انفرادی طور پر تمام شرکاء کو آگاہ کر دیا گیا تھا۔ اے سی سی کا کہنا ہے کہ کیلنڈر کی ای میل 22 دسمبر کو کر دی گئی تھی، پی سی بی کے علاوہ دیگر تمام ممبر بورڈز کی جانب سے رسپانس موصول ہوئے۔ اے سی سی نے کیلنڈر کو 13 دسمبر 2022 کی میٹنگ میں منظور کیا گیا تھا ۔ ایشین کرکٹ کونسل نے کہا کہ سوشل میڈیا کے توسط سے نجم سیٹھی کے تبصرے بے بنیاد ہیں اور اے سی سی ان کی سختی سے تردید کرتی ہے۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر کلینڈر کی اے سی سی نے منظوری لی ہوئی تھی تو اب اسے ایجنڈے میں نہیں رکھا جاتا۔ ایجنڈے میں رکھنے کا مطلب ہی یہ ہے کہ کلینڈر منظور نہیں ہوا تھا لیکن بھارت نے کمال ہوشیاری سے پاکستان پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی۔ بحرین اجلاس کے دوران سائیڈ لائن پر ہونے والی میٹنگ میں نجم سیٹھی ایشیائی ملکوں کے کرکٹ چیف کو اعتماد میں لیں گے اور انہیں پاکستان آکر ایشیا کپ کھیلنے کی دعوت دیں گے۔ گذشتہ ماہ نجم سیٹھی کا کہنا تھاکہ ایشیا کپ پاکستان سے باہر لے جانے اور اس سال بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میں شرکت کا فیصلہ پی سی بی نہیں ، حکومت پاکستان کرے گی۔

اسپورٹس سے مزید