لاہور(نمائندہ جنگ)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی نے زمان پارک میں ملاقات کی۔ اس موقع پر سابق وزیر دفاع پرویز خٹک بھی موجود تھے۔ ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال اور حکومت کے انتقامی اقدامات کے علاوہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے انتخاب کے حوالے سے بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔ عمران خان اور چوہدری پرویزالٰہی نے حکومت کے منفی ہتھکنڈوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی انتقامی کارروائیوں کے پیچھے کچھ اور لوگ ہیں، حکومت الیکشن سے نہیں بھاگ سکتی، اسے انتخابات کی تاریخ دینا پڑے گی ورنہ آئین شکنی کی مرتکب ہو گی، حکومت کی ناک تلے ملک میں دہشت گردی دوبارہ سر اٹھا رہی ہے، حکومت کو امن و امان کی نہیں صرف مخالفین کو کچلنے کی فکر ہے۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کی ناک تلے ملک میں دہشت گردی دوبارہ سر اٹھا رہی ہے، انہیں صرف مخالفین کو کچلنے کی فکر ہے جبکہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اور شہبازشریف کے پاس عوامی ریلیف کیلئے کچھ نہیں، حکومت نااہلی کے بعدانتقامی کارروائیوں میں بھی ورلڈ ریکارڈ بنانا چاہتی سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت ملکی معیشت کو تباہ کر چکی اب امن و امان کی صورتحال بھی تیزی سے خراب ہو رہی ہے، پی ڈی ایم کی حکومت بدترین بوکھلاہٹ کا شکار ہے، پارلیمانی لاجز میں سابق ارکان پارلیمنٹ کے کمروں کے تالے توڑے جا رہے ہیں، حکومت گرفتاریاں، مقدمات، چھاپوں کے سائے میں اے پی سی کی دعوت دے رہی ہے، شہباز شریف کی شوبازیاں بری طرح ایکسپوز ہو رہی ہیں، شہباز شریف کے پاس عوامی ریلیف کیلئے تو کچھ نہیں صرف اور صرف عمران خان، تحریک انصاف اور اتحادیوں کو کچلنے کا ایجنڈا سرگرم ہے، پی ڈی ایم کی حکومت نااہلی کے بعدانتقامی کارروائیوں میں بھی ورلڈ ریکارڈ بنانا چاہتی ہے۔