• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ میں کرکٹ، گلیڈی ایٹرز نے زلمی کو ہرا دیا، تماشائی خوش

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں سیزن کے نمائشی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3 رنز سے شکست دے دی۔افتخار احمد نے پنجاب کے صوبائی وزیر اور مشہور فاسٹ بولر وہاب ریاض کے آخری اوور میں چھ گیندو ں پر چھ چھکے مارکر کوئٹہ میں شائقین کرکٹ کو نمائشی میچ میں زبردست تفریح فراہم کی۔افتخار احمد کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ بگٹی اسٹیڈیم میں تماشائیوں نے میچ میں غیر معمولی دلچسپی لی۔ بابر اعظم ، سرفراز احمد،نسیم شاہ ، افتخار احمد اور دیگر کھلاڑیوں کو دیکھنے کے لئے پور ا شہر امڈ آیا۔ اس سے زیادہ تعدا د گراؤنڈ سے باہر ٹکٹ کے حصول میں پریشان دکھائی دیے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 184رنز بنائے۔ افتخار احمد نے 94 رنز کی جارحانہ ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ حالیہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ میں افتخار نے ایک اوور میں تین چھکے مارے تھے۔ 185 رنز کے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی 7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بناسکی ۔کپتان بابر اعظم 18 گیندوں پر 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ ہدف کے تعاقب میں محمد حارث اور بابراعظم نے اننگز کا آغاز کیا ، بابر 23 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، شاہد آفریدی 25، اعظم خان 6، صائم ایوب 19، عامر جمال ایک رنز بناسکے۔ وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث نے 53 رنز کی اننگز کھیلی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد حسنین اور افتخار احمد نے 2، 2 جبکہ نسیم شاہ اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے احسان علی 5، عمر اکمل صفر، کپتان سرفراز احمد 4 ، عبدالواحد بنگلزئی 28، خوشدل شاہ 36 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ افتخار احمد نے 50 گیندوں پر 94 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ وہاب ریاض نے تین جبکہ عامر جمال اور اسامہ میر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو ، وزیر تعلیم میر نصیب اللہ ، سابق کرکٹر جاویدمیانداد، محمد یوسف اوردیگر کے ساتھ میچ دیکھا۔کرکٹ میچ کےموقع پر اسٹیڈیم کے باہر شائقین کرکٹ کا رش دیکھا گیا جس کے پیش نظر انتظامیہنے انٹری پوائنٹس بندکردیے اور بےنظمی پر نمائشی میچ روک دیاگیا۔انٹری پوائنٹس بند ہونے پربعض شائقین نے احتجاج بھی کیا ۔ گراؤنڈ کے باہر صورتحال نارمل ہونے پر میچ کا دوبارہ آغاز کیا گیا۔ کوئٹہ میں میچ کیلئے اسٹیڈیم اور اطراف میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، 4ہزار سے زائد پولیس اور فرنٹئیرکور کے اہلکاروں نے سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیے۔

اسپورٹس سے مزید