• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نفرت اور تعصب کی دین اسلام میں کوئی گنجائش نہیں، مفتی غلام الرحمن

پشاور ( وقائع نگار )معروف دینی درس گاہ جامعہ عثمانیہ پشاور میں تعلیمی سال کے اختتام پر ختم بخاری شریف اور دستاربندی کی تقریب کا انعقادکیا گیا 105فضلاء ، 49حفاظ،19 تجوید للحفاظ کی دستاربندی جب کہ 48 فاضلات کی چادر پوشی کی گئی ۔تقریب سے جامعہ عثمانیہ پشاور کے مہتمم اور شیخ الحدیث مفتی غلام الرحمن نے طلبہ کو بخاری شریف کی آخری حدیث پڑھائی ، بعدازاں انہوں نے فضلاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے منصب اور دستار کی لاج رکھنا آپ پر لازم ہے۔ یہ بہت بڑا اعتماد ہے۔ یہ کوئی عام پگڑی نہیں بلکہ حضورؐ کی وراثت کی پگڑی ہے۔ معاشرے میں امن ومحبت کا پیغام عام کریں۔ منبر ومحراب کو امن وآشتی کا مرکز بنائیں، نفرت اور تعصب کی دین اسلام میں کوئی گنجائش نہیں۔ جذبات، گروہی اختلافات سے الگ تھلگ ہوکر بحیثیت مسلمان اسلام کی حقیقی روح لوگوں کے سامنے پیش کرنے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔ اسلام کی خدمت کردار کے بغیر ممکن نہیں۔ جھوٹ ، خیانت اور دھوکہ دہی سے اپنے دامن کو داغدار نہ ہونے دیں۔ امت کو تقسیم نہ کریں بلکہ اس کو جوڑنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہماری عزت اور پہچان ہے آج ہم جو یکسوئی کے ساتھ دین کی خدمت کررہے ہیں یہ اسی ملک کی برکت ہے لہٰذا ملک کے محافظ اور چوکیدار بن جائیں ۔آج معاشرہ میں جھوٹ ، خیانت اور دھوکہ دہی کا بازار گرم ہے اس کاواحد حل لوگوں کے دلوں میں خوف خدا وخوف آخرت پیدا کرنا ہے۔ اور یہ کام علماء ہی کرسکتے ہیں۔ امت کی فکرمندی اور خیر خواہی کا جذبہ لے کر معاشرہ میں قدم رکھے۔ فضلاء پر شخصی نہیں بلکہ معاشرہ کی اجتماعی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ فضلاء کے لیے نئے چلینجز اور معاشرتی تقاضوں کا ادراک بہت ضروری ہے لہذا عملی میدان میں پھونک پھونک کر قدم رکھا رکھے۔
پشاور سے مزید