راولپنڈی / اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/ نمائندہ جنگ ) مسافر بس کار سے ٹکرانے کے بعد کھائی میں جا گری، حادثے میں 25 افراد جاں بحق ،جبکہ 15 کے قریب زخمی ہو گئے۔بس مسافروں کو لے کر گلگت سے راولپنڈی جا رہی تھی کہ ہربن نالے کے قریب کار سے تصادم کے بعد گہری کھائی میں جا گری، حادثے کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، 25 مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی۔موقع پر موجود پولیس کا کہنا ہے کہ رات کے اندھیرے کی وجہ سے حادثے میں نقصان کی مکمل نشاندہی نہیں ہو سکی، ریسکیو ٹیمیں لاشوں اور زخمیوں کو نکالنے میں مصروف ہیں جبکہ چلاس کے آر ایچ کیو ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔وزیراعظم شہباز شریف نے حادثے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کیلئے دعا مغفرت، زخمی افراد کی صحتیابی کیلئے دعا کی، زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔دلخراش حادثے پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ریسکیو آپریشن کیلئے تمام تر دستیاب وسائل استعمال کرنے کے احکامات جاری کر دئیے، انہوں نے زخمیوں کو ہر ممکن طبّی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔