• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام کو معیاری خوراک کی فراہمی کے لئے اقدامات مزید تیز کرنے کی ہدایت

پشاور(جنگ نیوز)خیبرپختونخوا کے نگران وزیر برائے محکمہ خوراک و آبپاشی فضل الٰہی نے محکمہ خوراک کے حکام کو صوبہ بھر میں عوام کو معیاری خوراک کی فراہمی کے لئے اقدامات مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معیاری خوراک کی فراہمی اولین ترجیح ہے جس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ان خیالات کا اظہار انھوں نے منگل کے روز محکمہ خوراک کے حوالے سے منعقدہ تعارفی اجلاس کے دوران کیا۔اجلاس میں سیکرٹری محکمہ خوراک مشتاق احمد، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی مہرین، ڈائریکٹر فوڈ یاسر حسن سمیت تمام متعلقہ حکام نے شرکت کی، اس موقع پر نگران وزیر کو محکمے کے اعلی حکام نے مختلف منصوبوں بارے تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو جاری منصوبوں پر کام مزید تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مارکیٹس میں معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے حلال فوڈ اتھارٹی کے فیلڈ افسران انسپکشنز میں مزید تیزی لائیں اور اس سلسلے میں قانون کی خلاف ورزی میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ فضل الٰہی نے افسران کو ہدایت کی کہ رعایتی سرکاری نرخ پر آٹے کی فراہمی کے لئے کڑی نگرانی کو ھر صورت یقینی بنایا جائے، انھوں نے کہا کہ افسران روزانہ کی بنیاد پر آٹا ڈیلرز کیساتھ سٹاک رجسٹر اور کوٹہ سمیت آٹے کی تقسیم میں شفافیت کو برقرار رکھنے کے لئے دورے کریں تاکہ عوام کو کسی قسم مشکلات کا سامنا نہ ہوں، نگران صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ میں کسی قسم کی بدعنوانی کو برداشت نہیں کیا جائے گا کیونکہ عوام کے ٹیکس کے پیسے عوام کی امانت ہے اس لئے انکو ریلیف کی فراہمی کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے، انھوں نے ہدایت کی کہ افسران عوام کا خادم بن کر اپنے فرائض منصبی احسن طریقے سے سرانجام دیں۔
پشاور سے مزید