• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

HBL پی ایس ایل، ٹیمیں ہوم گراؤنڈز پر رنگ جمانے کیلئے بےچین، لاہور قلندرز ملتان پہنچ گئی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کی ٹیم ایچ بی ایل پی ایس ایل میں ٹائٹل کے دفاع کیلئے ملتان پہنچ گئی۔ ٹیمیں اپنے ہوم گراؤنڈز پر رنگ جمانے کیلئے بے چین ہیں،پیر کو افتتاحی میچ ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی کو بس سوار ہونے سے قبل پرستاروں نے گھیر لیا۔ ننھے پرستارنے آٹو گراف لیے اور تصاویر بنائیں۔لاہور قلندرزہفتے کو ملتان اسٹیڈیم میں پریکٹس کرے گی۔ ملتان کے ہیڈ کوچ مشتاق احمد کا کہنا ہے کہ ہماری بھرپور تیاریاں جاری ہیں۔تمام کھلاڑی فٹ اور پریکٹس کر رہے ہیں ۔ ہم میچ کے نتیجے پرتوجہ نہیں دیتے۔ لڑکوں کو کہا ہے اپنی نیچرل گیم کھیلیں،ملتان اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ سلطان کے پرستارٹیم کو ہر کنڈیشن میں سپورٹ کرتے ہیں ۔ ہوم گراؤنڈ کا ایڈوانٹیج اٹھائیں گے۔شاہین آفریدی کی نئی نئی شادی ہوئی ہے ان کا فوکس زیادہ شادی پر ہوگا تو اس کا فائدہ ہمیں ہوگا۔ کوشش یہی رہتی ہے کہ مومینٹم دوسری ٹیم کی طرف شفٹ نا ہونے دیں مقامی لڑکے جب انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرتے ہیں تو انہیں بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے ۔ پی ایس ایل کا سب سے بڑا فائدہ یہی ہے کہ ہمارے لوکل لڑکے انٹرنیشنل پلیئرز سے سیکھتے ہیں۔دریں اثنا سلطانز کیلئے بری خبر ہے کہ ٹم ڈیوڈ ورک لوڈ مینجمنٹ کی وجہ سے ابتدائی سات میچز کیلئے ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔ جا رح مزاج آل راونڈر مارچ کے پہلے ہفتے میں اسکواڈ جوائن کریں گے۔ جنوبی افریقا کے ڈیوڈ ملر آٹھ میچز کیلئے دستیاب ہیں، ان کے جاتے ہی ٹم ڈیوڈ آجائینگے۔ وائن پارنیل کی ابتدائی میچز میں بھی شرکت مشکوک ہے۔ پارنیل جنوبی افریقا لیگ کے دوران گروئن انجری کا شکار ہوئے تھے، کیرون پولارڈ اور رائیلی روسو پورے ٹورنامنٹ کیلئے دستیاب ہیں۔ دوبار چیمپئن بننے والی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ ہوم گراؤنڈ پر میچز اور تماشائیوں کی سپورٹ کیلئے پرجوش ہے۔ ہیڈ کوچ اظہر محمود کا تعلق بھی اسلام آباد سے ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ پانچ میچ ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے سے فائدہ ہوگا۔ جمعے کو ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پنڈی میں ہمیں ناقابل یقین سپورٹ ملتی ہے، تیسری بار چیمپئن بننے کی کوشش کریں گے، ہم نے ٹیم بناتے وقت یہ بات ذہن میں رکھی ہے کہ کس برانڈ کی کرکٹ کھیلنا ہے اور کیا فارمولا ہم جیت کی طرف لے جائے گا۔ ایلکس ہیلز، معین علی اور گرباز کچھ میچوں کے لئے دستیاب نہیں۔ شاداب خان ،ابرار احمد، مبصر خان اور ظفر گوہر پر مشتمل اسپن بولنگ اٹیک ہیں۔

اسپورٹس سے مزید