اسلام آباد (فاروق اقدس) مصدقہ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جرمنی کے شہر میونخ میں ہونے والی تین روزہ سالانہ سکیورٹی کانفرنس میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے ساتھ جانے والے اعلیٰ سطحی وفد میں عسکری نمائندگی بھی شامل ہوگی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل 2018 میں ہونے والی کانفرنس میں سابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے بھی شرکت کی تھی۔ خارجہ امور کی وزیر مملکت حنا ربانی کھر بھی وفد میں شامل ہیں امکان ہے کہ وہ سکیورٹی کانفرنس کے فورم سے تقریر بھی کریں گی جبکہ امریکی نائب صدر کملہ ہیرس جرمنی میں قیام اور سالانہ سکیورٹی کانفرنس کے 59 ویں اجلاس سے خطاب کریں گی۔ واشنگٹن سے جاری ایک بیان میں امریکی نائب صدر کی کانفرنس میں شرکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کملہ ہیرس کانفرنس میں شریک اہم عالمی راہنمائوں سے ملاقاتیں کریں گی۔ ان کی موجودگی دنیا میں امریکی قیادت اور یوکرین کیلئے امریکا کے مستقل عزم کو بھی طاہر کرے گی۔