اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پنجاب میں انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن اور گورنر میں آج مشاورت ہو گی، الیکشن کمیشن نے گورنر سے مشاورت اور بریفنگ کیلئے سیکرٹری الیکشن کمیشن، اسپیشل سیکرٹری ا ور ڈائریکٹر جنرل لاء مقرر کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے ہائیکورٹ کے 90 روز کے اندر انتخابات کرانے کے عدالتی فیصلے پر گورنر سے مزید مشاورت کا فیصلہ کر لیا۔ الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن اور الیکشن کمیشن کے سینئر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں عدالت عالیہ لاہورہائیکورٹ لاہور کے۔ 10فروری کے فیصلے کو مدنظر رکھتے ہوئے اس پر عملدآمد پر غور کیا گیا ۔ الیکشن کمیشن نے عدالت کے حکم کے مطابق گورنر پنجاب سے درخواست کی ہے کہ صوبہ میں عام انتخابا ت کی تاریخ سے متعلق مشاورت کیلئے آج 14فروری 2023 کو میٹنگ کیلئے مناسب وقت دیں۔ اس سلسلے میں ضروری مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے سیکرٹری الیکشن کمیشن کی سربراہی میں اسپیشل سیکرٹری ا ور ڈائریکٹر جنرل لاء کو مقرر کیا ہےکہ وہ الیکشن کمیشن کی طرف سے گورنر سے مشاورت کریں اور الیکشن کمیشن کو بریف کریں تاکہ الیکشن کمیشن آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کرے۔