پشاور (وقائع نگار )تاجر دوست گروپ نے کاروباری اوقات میں بجلی بندش کے خلاف جی ٹی روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا جس سے ٹریفک بلاک ہوگیا ۔احتجاج میں تاجر دوست گروپ میں شامل بازاروں کے صدور صیام الحق، جاوید اختر، آصف درانی، خواجہ نوید، خرم شھزاد، فضل مولا، امداد خان، اسرار خان، عالمگیر خان، غلام حیدر علی، منصور بخاری، حاجی وحید، ملک ظہور، اور مختلف بازاروں کے صدور نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور لوڈشیڈنگ کے خلاف شدید نعرے بازی کی مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر انکے مطالبات درج تھے جبکہ مظاہرین نے سڑک کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند رکھا تاہم قائدین کی کال پر عوام کو پریشانی سے بچانے کیلئے کھول دی گئی اس موقع پر تاجروں کا کہنا تھا کہ تاجروں کا معاشی قتل اب کسی صورت قبول نہیں، کاروباری مراکز سے واپڈا سو فیصد ریکوری کرتا ہے ، لائن لاسز میں واپڈا کے اہلکار خود ملوث ہیں، بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو بھی مسترد کرتے ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ منٹینس اور مرمت کے نام پر بجلی کی بندش کو ختم کیا جائے، فالٹ کی صورت میں اڈا سسٹم بحال کیا جائے تاکہ مکمل فیڈر بند کرنے سے تمام علاقہ متاثر نہ ہو۔،ہشتنگری سب ڈویژن کے سپرنٹنڈنٹ کو فوری تبدیل کیا جائے اور لائن مین اسٹاف کی تعداد کو بڑھایا جائے۔ احتجاج کے حوالے سے تنظیم تاجران خیبرپختونخواہ ترجمان شہزاد صدیقی نے تاجروں کے مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخواہ اور نگران وزیر اعلی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اگر واپڈا حکام نے ان مسائل کو حل نہ کیا تو اب صرف چند بازاروں نے احتجاج کیا ہے پھر ایک ہفتے بعد پورے پشاور میں تاجروں کو واپڈا کے خلاف احتجاج کی کال دی جائے گی۔اور تمام تر حالات کی زمہ داری واپڈا حکام پر عائد ہوگی۔