لاہور (خبرنگار)ایرانی یونیورسٹی برائے ادیان کے سربراہ سید ابو الحسن نواب نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا اسلام کافخر ہے جس کے پاس ایٹم بم سے زیادہ طاقت رکھنے والی علامہ اقبال کی سوچ ہے۔وہ پنجاب یونیورسٹی شعبہ فارسی کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر پروفیسر نیازاحمد اختر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود،ایران کی مختلف یونیورسٹیوں سے ڈاکٹر محمد نجف لکزئی، استاد عبدالہادی مسعودی، پروفیسر ڈاکٹر معین الدین نظامی اوردیگر نے شرکت کی۔ سید ابوالحسن نواب نے کہا کہ اسلامی انقلاب کا اصل مقصد خود انحصاری ہے جس کا تصور سب سے علامہ اقبال نے پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ وحشت، خوف اور انتہاپسندی اسلامی تعلیمات کا حصہ نہیں ۔ پروفیسر نیازاحمد نے کہادونوں ممالک کے درمیان روابط کو مزید مستحکم کرنے کے لئے اساتذہ اور طلباء وفود کا ایکسچینج پروگرام ضروری ہے ۔ پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان روابط کو مزیدمضبوط کرنے کے لئے نوجوانوں کوکردار ادا کرنا ہوگا ۔ ڈاکٹر محمد سلیم مظہر نے کہا کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات استوار رکھنے میں جامعات کا بنیادی کردار ہے ۔ایرانی وفد کے شرکا ء نے خود کو پاکستان کا عاشق جبکہ پاکستان کو دنیا کا پاک ترین ملک قرار دیا۔ بعد ازاں معزز مہمانوں کو سووینئرزپیش کئے گئے۔