اسلام آباد(ایجنسیاں)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مشکل گھڑی میں دنیا کا پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوناہماری سفارتی کامیابی ہے۔پاکستان ملکی و بین الاقوامی سطح پر مشکلات کے باوجودآگے بڑھ رہا ہے۔ منگل کو فارن سروس اکیڈمی میں تقریب سے بطورمہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہناتھاکہ پاکستان نے ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق ہر فورم پر آواز اٹھائی اورپوری دنیا پاکستان کے ساتھ کھڑی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کو ملکی مفاد کے مطابق مرتب کرتے ہیں ہمیں خارجہ پالیسی کے ساتھ ساتھ ہر میدان میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینا ہوگا۔ پاکستان میں ہولناک سیلاب کے بعد چین اور امریکا سمیت مختلف ممالک نے ہماری بھرپورمدد کی جس کے بعد جنیوا میں ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق کلائیمیٹ ریزیلیئنٹ پاکستان کانفرنس کے موقع پر دنیا نے ہمارا بھرپور ساتھ دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ملکی و بین الاقوامی سطح پر مشکلات کے باوجودآگے بڑھ رہا ہے، اتحادی حکومت نے اپنے مختصر عرصہ میں کامیابیاں حاصل کی ہیں جن میں ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے پاکستان کا اخراج کے علاوہ کوپ۔ 27 میں کامیابی کے ساتھ ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق اہداف کے حصول کے علاوہ پاکستان کو جی 77پلس چائنا گروپ کی سربراہی کا اعزاز بھی حاصل رہا۔ تقریب کے اختتام پر وزیر خارجہ نے فارن سروس اکیڈمی سے فارغ التحصیل ہونے والے گریجویٹس میں اسناد اورمیڈلز تقسیم کئے۔