لاہور(نمائندہ جنگ) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ان کے پیش ہوئے بغیر حفاظتی ضمانت دینے سے انکار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے ہیں کہ عمران کو اسٹریچر پر لائیں یا ایمبولینس میں، پیشی کے بغیر حفاظتی ضمانت نہیں ملے گی ،سماعت آج صبح تک ملتوی کردی، اسلام آباد کی انسداد دہشتگری عدالت سے ضمانت مسترد ہونے کے بعد عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت لاہور ہائیکورٹ میں ہوئی، دوران سماعت عمران خان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ سکیورٹی کا مسئلہ ہے، وہ چل بھی نہیں سکتے، عدالت نے کہا کہ چلنے کو کس نے کہا ہے؟ پولیس بھیج کر بلوالیتے ہیں، قانون کے تحت حفاظتی ضمانت کیلئے ملزم کی عدالت میں پیشی لازمی ہے، آپ کہیں تو آئی جی پنجاب سے سکیورٹی کا کہہ دیتے ہیں،قانوناً درخواست خارج کردینی چاہئے لیکن رعایت دے رہا ہوں۔