پشاور(جنگ نیوز) جرگہ مشران کی کوششوں سے دشمنی دوستی میں تبدیل ہوگئی اور آئندہ دونوں گروپوں نے محبت و بھائی چارے سے رہنے کا عہد کرلیا گرینڈ جرگہ کی کوششوں سے پبوخان کے فرزند حاجی نواب علی خان زکریا گروپ اور فقیر حسین عرف طورے کبابی گروپ کے مابین دشمنی دوستی میں بدل گئی اور دونوں گروپ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے ایک دوسرے کے بغلگیر ہوگئے اورآئندہ کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ بھائیوں کی طرح رہنے کا وعدہ کر لیا۔ گزشتہ روز پبو خان کے فرزندحاجی نواب علی خان زکریا گروپ اور حاجی فقیر حسین عرف طورے کبابی گروپ میں راضی نامہ ہوگیا اسی سلسلے مدرسہ عائشہ للبنات سبر پیر روڈ پر راضی نامہ کی گرینڈ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سابق وفاقی وزیر وبزرگ رہنماء الحاج غلام احمد بلور اورصدارتی و انٹرنیشنل امن ایوارڈز یافتہ الحاج ملک طارق اعوان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ جرگہ ممبران میں مولانا عبدالواحد جان نقشبندی،مفتی سیف الرحمان نقشبندی،مفتی علی گل شامل تھے اس کے علاؤہ جرگہ تقریب میں ملک جاوید ایڈوکیٹ، پرویز خان سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں، بلدیاتی ناظمین اور علاقہ معززین کی کثیر تعداد نے شرکت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالواحد جان نقشبندی،مفتی سیف الرحمان نقشبندی،مفتی علی گل،وفاقی وزیر الحاج غلام احمد بلور اور ملک طارق اعوان نے دونوں گروپوں کو مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں گروپ آئندہ آپس میں اتفاق و اتحاد کا مظاہرہ کرینگے اس موقع پر ملک طارق اعوان کا کہنا تھا کہ ۔ اسلام بھی ہمیں بھائی چارے، پیار محبت کا درس دیتا ہے اور اگر ہم اسلامی تعلیمات پر عمل کریں تو کبھی غلط نہیں ہوگی لہٰذا ہمیں اسلامی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے ہر مسلمان کو بھائی سمجھنا چاہیے اور بھائیوں کی طرح ہی زندگی بسر کرنی چاہیے۔