• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل، لاہور کے میچ کراچی منتقل کرنے پر آج فیصلے کا امکان

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان سپر لیگ 8میں لاہور کے میچ کراچی منتقل کر نے کے حوالے سے تنازع بدستور برقرار ہے اور ڈیڈ لاک ختم نہیں ہوسکا ہے۔ اس حوالے سے فیصلہ اتوار کو ہونے کا امکان ہے۔پی سی بی اور پنجاب حکومت اپنے موقف پر قائم ہیں۔اتوار اور پیر کو لاہور میں میچ پرانے شیڈول کے مطابق ہوں گے۔منگل کو کراچی میں میچ کرانے کے حوالے سے اتوار کو فیصلہ ہوجائے۔پی سی بی کا پلان بی مکمل ہےاور کراچی کو متبادل سینٹر کے طور پر تیار رکھا جارہا ہے۔نیشنل اسٹیڈیم میں اتوار کو آخری میچ ہونا ہے لیکن اگر لاہور میں میچ نہ کرانے کا فیصلہ ہوا تو براڈ کاسٹ کریو اور دیگر ضروری لوگوں کو کراچی ہی میں روک کر ٹورنامنٹ مکمل کیا جائے گا۔پنجاب حکومت نے سیکیورٹی چارجز کے نام پرایک دن پہلے45کروڑ روپے کی رقم مانگی تھی لیکن ہفتے کو بیس کروڑ روپے کی رقم کم کرکے25کروڑ روپے کردی گئی لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ نے 25کروڑ روپے بھی دینے سے انکار کردیا ہے۔پی سی بی کے ایک اعلی افسر کا کہنا ہے کہ اگر ہم نے پنجاب حکومت کو بھاری رقم دینے کی روایت قائم کردی تو پھر نیوزی لینڈ کی سیریز میں بھی رقم مانگی جائے گی۔وفاقی حکومت نے پی ایس ایل ٹیموں کو جب وی وی آئی پی سیکیورٹی کا درجہ دیا ہے تو کھلاڑیوں کی حفاطت بھی پنجاب حکومت کی ذمے داری ہے۔پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہم سے ابتدا میں پانچ کروڑ روپے مانگے گئے تھے جو ہم نے فوری ادا کردیئے پھر45کروڑ اور اب25کروڑ روپے مانگے جارہے ہیں لیکن ہم اپنے موقف پر قائم ہیں کہ یہ رقم ادا نہیں کی جائے گی۔ اب تک کے فیصلے کے مطابق کوئی پیسہ نہیں دیا جائے گا۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر عثمان واہلہ لاہور سے کراچی پہنچ گئے ہیں اور متبادل پلان پر کام ہورہا ہے سندھ حکومت سے بھی میٹنگ ہورہی ہیں۔پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے مسلہ لاہور میں ہے پنڈی میں اتنی بڑی رقم نہیں مانگی جارہی۔اس لئے پنڈی میں مسائل کم ہیں۔اتوار اور پیر کو لاہور میں میچ شیڈول کے مطابق ہوں گے۔پیر اور منگل کو کوئی میچ نہیں ہے ۔بدھ سے ٹورنامنٹ کے میچ پنڈی اسٹیڈیم میں شیڈول ہیں اس لئے پاکستان کرکٹ بورڈ اتوار کو حتمی فیصلہ کرے گا کہ لاہور میں پی ایس ایل میچ ہوں گے یا نہیں۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ دو دن کے گیپ کو سامنے رکھتے ہوئے یہی وہ مناسب وقت ہوگا جب لاہور کے میچ کراچی منتقل کردیئے جائیں۔واسا نے بھی پی سی بی سے واجات ادا کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔

اسپورٹس سے مزید